”را“ کی پا کستان میں مداخلت اور گرفتار جاسوس کلبھوشن یادیو بارے ڈوزیئر تیار، اقوام متحدہ سمیت عالمی طاقتوں کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے،سرتاج عزیز

بھارت کی جانب سے ایل او سی پر بلااشتعال گولہ باری سے درجنوں بے گناہ شہری اور فوجی جوان شہید ہوئے ہیں،پا ک فوج نے جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے ساتھ عالمی سطح پر بھارتی شرانگیزیوں کو بے نقاب کیا ہے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے پردہ اٹھانے کیلئے پاکستانی اور کشمیری تنظیمیں پوری دنیا میں سرگرم ہیں خطے میں امن اور سلامتی ہماری اولین ترجیح ، ایٹمی اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی اور پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکیوں پر عالمی اداروں سے رجوع کیا گیا ہے اقوام متحدہ کی زیر نگرانی بھارت کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں، مشیر خارجہ کاسینیٹ کی ہول کمیٹی کی جانب سے پاک بھارت تعلقات بار ے سفارشات کا جواب دیتے ہوئے اظہار خیال

بدھ 23 نومبر 2016 11:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23نومبر۔2016ء) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے سینیٹ کو بتایا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی”را“ کی پا کستان میں مداخلت اور گرفتار ایجنٹ کلبھوشن یادیو کے بارے میں ڈوزیئر تیار کر لیا گیا ہے، جسے اقوام متحدہ سمیت بڑی عالمی طاقتوں کے ساتھ شیئر کیا جائے گا ، بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر شدید گولہ باری کی وجہ سے درجنوں بے گناہ شہری اور فوجی جوان شہید ہوئے ہیں، پاکستانی فورسز نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر بھارتی شرانگیزیوں کو بے نقاب کیا ہے، سینیٹ کی ہول کمیٹی کی جانب سے پاک بھارت تعلقات ے باری میں سفارشات کا جواب دیتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ سیکریٹری خارجہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جو کہ پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے رپورٹ تیار کر کے قائمہ کمیٹی برائے امور فخارجہ میں پیش کرے گی، انہوں نے کہا کہ یہ کمیٹی سینیٹ کی خارجہ اور دفاع کی کمیٹیوں کو پاک بھارت تعلقات کے بارے میں بریفنگ دیگی، انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی اور بین الاقوامی ذرائع اطلاع کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے کام کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن سنگھ یادیو کے بارے میں ایک ڈوزیٹر تیار کیا گیا ہے جو کہ اہم ممالک سمیت سلامتی کونسل کو بھیجا جائے گا تاکہ خطے میں دہشتگردی پھیلانے سے متعلق بھارتی سرگرمیوں سے عالمی برادری کو آگاہ کیا جا سکے، انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے پردہ اٹھانے کیلئے پاکستانی اور کشمیری تنظیمیں پوری دنیا میں سرگرم ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان پوری دنیا خصوصاً اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ امن اور سلامتی کے ساتھ کام کرنے کا خواہشمند ہے اور پاکستان خطے میں امن اور سلامتی کو اولین ترجیح دیتا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں، انہوں نے کہا کہ وزارت امور کشمیر اور گلگت بلتستان مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کی تیاریاں کر رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور پاکستان اپنی پڑوسی ممالک افغانستان اور بھارت سے بھی یہ امید رکھتا ہے کہ وہ اپنی زمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے،مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی اور پاکستان کا پانی بند کرنے کے سلسلے میں پاکستان نے عالمی اداروں سے رجوع کیا، انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے اور درجنوں معصوم اور بے گناہ مرد خواتین اور بچے بھارتی گولہ باری سے شہید ہو چکے ہیں،انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی خلاف وزریوں کے خلاف اقوام متحدہ کو بھی آگاہ کیا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی کر رہا ہے، پاکستان کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر صورت جاری رکھے گا، انہوں نے کہا کہ بھارتی رویے کی وجہ سے پاک بھارت مذاکرات تعطل کا شکار ہے جب بھی پاکستان مذاکرات شروع کرنے کی کوششیں کرتا ہے تو انڈیا کی جانب سے مذاکرات کیلئے پیشگی شرائط عائد کر دی جاتی ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی زیر نگرانی بھارت کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت میں پاکستان کے سفارتکار کی گرفتاری پر تشویش ہے انسانی حقوق کے معاملے پر بھارت کا ریکارڈ بے حد خراب ہے اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور مظلوم کشمیریوں پر مظالم پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔