بھارت: کسانوں کو 500 روپے کے نوٹ استعمال کرنے کی اجازت

منگل 22 نومبر 2016 10:56

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22نومبر۔2016ء) بھارتی حکومت نے کسانوں اور چھوٹے تاجروں کو بیج کی خریداری اور دیگر تجارتی سرگرمیوں کیلئے 500 روپے کے انڈین نوٹوں کو استعما ل کرنے کی اجازت دے دی۔ 2 ہفتے قبل حکومت نے ملک میں کالے دھن کے خلاف بڑا اقدام کرتے ہوئے 500 اور ایک ہزار انڈین روپے کے نوٹوں کا استعمال ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، جس سے انڈیا کے یہ دونوں شعبے سب سے زیادہ متاثر ہوئے تھے۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق نئی حکومتی پالیسی کے حوالے سے ریزور بینک آف انڈیا کا کہنا تھا کہ چھوٹے تاجر ہر ہفتے اوور ڈرافٹ اور کیش کریڈٹ اکاونٹ سے 50000 ہزار روپے کی نقد رقم نکلوا سکتے ہیں۔ اس سے قبل یہ سہولت صرف کرنٹ اکاونٹ کے حامل تاجروں کو حاصل تھی۔

(جاری ہے)

بھارت کے سینٹرل بینک نے جاری بیان میں مزید کہا کہ مذکورہ سہولت پرسنل اوور ڈرافٹ اکاونٹ پر حاصل نہیں ہوگی۔

اس کے علاوہ وزیر تجارت کی جانب سے یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ تمام کسانوں کو بیج کی خریداری کیلئے 500 روپے کے نوٹوں کو استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔ واضح رہے کہ بھارتی حکومت نے کسانوں کو فصل پر لون کی مد میں ہر ہفتے 25000 روپے بینک سے نکالنے کی اجازت دے رکھی ہے۔9 نومبر 2016 کو بھارتی حکومت نے ملک میں کالے دھن کے خلاف بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے 500 اور ایک ہزار انڈین روپے کے نوٹوں کا استعمال ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ہندوستان میں زائد مالیت کے نوٹوں پر پابندی کے اعلان کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد 500 اور 1000 روپے کے کرنسی نوٹوں کو تبدیل کرانے کی کوششوں میں مصروف ہوگئی اور اسی جدوجہد کے دوران 12 نومبر 2016 کو ریاست مہاراشٹر اور کیرالہ میں ہونے والے دو الگ الگ واقعات میں پرانے نوٹ تبدیل کرانے کی جدوجہد دو افراد کی جان چلی گئی۔

متعلقہ عنوان :