منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیلئے جدید گاڑی کی تیاری

منگل 22 نومبر 2016 10:51

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22نومبر۔2016ء) امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیلئے جدید خصوصیات کی حامل گاڑی کی تیاری آخری مراحل میں پہنچ چکی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی سے لیس اس گاڑی کو دی بیسٹ کا نام دیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق معروف کار ساز ادارے جنرل موٹرز کی تیار کردہ اس گاڑی کی ٹاپ سیکرٹ ٹیسٹنگ کی گئی۔ جنرل موٹرز ڈونلڈ ٹرمپ کے وائٹ ہاوٴس میں داخلے سے قبل ہی یہ گاڑی وہاں پہنچا دے گی۔

صدارتی گاڑی کو جدید کوالٹی کے نائٹ ویڑن کیمروں سے بھی لیس کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ گاڑی میں جی پی ایس ٹریکنگ اور سیٹلائٹ کمیونی کیشن سسٹم بھی موجود ہیں تا کہ کسی بھی نوعیت کے حالات میں امریکی صدر کے بیرونی دنیا سے رابطے کو یقینی بنایا جا سکے۔ رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی گاڑی میں اس کے علاوہ بھی مزید تبدیلیاں کی گئی ہیں تاہم انھیں ٹاپ سیکرٹ رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

موجودہ امریکی صدر باراک اوباما کے زیر استعمال گاڑی بھی جدید خصوصیات کی حامل ہے۔ اس گاڑی کو ہر طرح سے بم اور بلٹ پروف بنایا گیا ہے۔ کروڑوں ڈالرز کی لاگت سے بنائی گئی اس گاڑی میں امریکی صدر کی حفاظت کا ہر ممکن اقدام کیا جاتا ہے۔ صدارتی گاڑی ہر طرح کے آگ بجھانے والے آلات، ہتھیار، نائٹ ویڑن چشموں اور آنسو گیس چھوڑنے والے آلات سے لیس ہوتی ہے۔

صدر اوباما کے زیر استعمال صدارتی گاڑی کا وزن تقریبا 8 ٹن، دروازوں کی موٹائی تقریبا 8 انچ ہے اور ہر دروازے کا وزن "بوئنگ 747" طیارے کے دروازے کے برابر ہے۔ گاڑی کا اندرونی کیبن مکمل طور پر سِیل ہوتا ہے تا کہ کسی بھی کیمیائی یا حیاتیاتی حملے سے محفوظ رہا جا سکے۔ گاڑی کی بیرونی ہوا کے زہر آلود ہونے کی صورت میں گاڑی کے اندر تازہ آکسیجن فراہم کرنے کا مکمل بندوبست کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :