ایم کیوایم رابطہ کمیٹی پاکستان نے این اے 258کے ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا

پی آئی بی کالونی میں واقع ایم کیوایم کے عارضی مرکز پر رابطہ کمیٹی پاکستان کے مشترکہ اجلاس میں فیصلہ ماضی میں بھی سندھ حکومت نے ضمنی انتخابات کے دوران سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا ، اجلاس کا اعلامیہ پی ایس 127سمیت دہشت گردوں اورناپسندیدہ افراد کو استعمال کرکے من پسند نتائج حاصل کئے اوریہ سلسلہ این اے 258کے ضمنی الیکشن میں بھی جاری رکھا گیا ہے، اعلامیہ اجلاس

منگل 22 نومبر 2016 11:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22نومبر۔2016ء)متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کی رابطہ کمیٹی نے این اے 258کے ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ اس بات کا فیصلہ رابطہ کمیٹی پاکستان نے عارضی مرکز پی آئی بی کالونی میں منعقد ایک اجلاس میں کیا ۔ اجلاس میں این اے 258کے ضمنی انتخاب اور موجودہ حالات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں طویل مشاورت کے بعد ایم کیوایم (پاکستان ) کی جانب سے این اے 258کے ضمنی انتخاب کے بائیکاٹ کا متفقہ فیصلہ کیا گیا ۔

اجلاس میں کہا گیا کہ ماضی میں بھی سندھ حکومت نے ضمنی انتخابات کے دوران سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا اور دہشت گردوں سمیت ناپسندیدہ افراد کو استعمال کرکے مند پسند نتائج حاصل کئے اوریہ سلسلہ این اے 258کے ضمنی الیکشن میں بھی جاری رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں رابطہ کمیٹی نے پی ایس 127کی طرح این اے 258میں سرکاری طاقت کے ناجائز استعمال، دہشت گردوں کے استعمال اور دھاندلی کی پرزور الفاظ میں مذمت کی اور اسے ایم کیوایم کے مینڈیٹ کو نقصان پہنچانے کے مترادف قرار دیا ہے ۔اجلاس میں مزید کہا گیا کہ جب ایم کیوایم کو آزادانہ طور پر الیکشن میں حصہ لینے نہیں دیاجارہا تو ایم کیوایم کے پاس این اے 258کے ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ کے اعلان کے علاوہ کوئی چارہ باقی نہیں رہ جاتا ۔