موٹر سائیکلیں بنانے والی کمپنی ہنڈا اٹلس نے گزشتہ ماہ سب سے زیادہ موٹرسائکلیں فروخت کرنے کا ریکارڈ بنایا

پیر 21 نومبر 2016 09:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21نومبر۔2016ء) موٹر سائیکلیں بنانے والی کمپنی ہنڈا اٹلس نے گزشتہ ماہ سب سے زیادہ موٹرسائکلیں فروخت کرنے کا ریکارڈ بنایا ،اکتوبر میں ہنڈا کی 80 ہزار 479 موٹرسائیکلیں فروخت ہوئیں، اس سے پہلے اگست میں ہنڈا کی 76 ہزار 309 موٹر سائیکلیں فروخت ہوئیں تھیں۔جہاں اکتوبر میں ہنڈا کی ریکارڈ موٹرسائیکلیں فروخت ہوئیں، وہیں کمپنی کی جانب سے ریکارڈ موٹر سائیکلیں تیار بھی کی گئیں، کمپنی کی جانب سے اکتوبر میں تیار کی جانے والی موٹر سائیکلوں کی تعداد 80 ہزار 600 ہے، جب کہ کمپنی نے اگست میں 76 ہزار 600 موٹر سائیکلیں تیار کی تھیں۔

ہنڈا کمپنی نے رواں سال جنوری میں 73 ہزار 259 جب کہ اپریل میں 73 ہزار 78 موٹر سائیکلیں فروخت کیں، ہنڈا موٹر سائیکل کے دو ماڈل سی ڈی 70 سی سی اور سی جی 125 کی طلب زیادہ ہے اور دونوں پریمیم رقم میں تاحال فروخت ہو رہی ہیں، جس وجہ سے کمپنی کو دونوں ماڈلز کی موٹر سائیکلوں کی فراہمی یقینی بنانے میں مشکلات درپیش ہیں۔

(جاری ہے)

مقامی سطح پر تیار ہونے والی کاروں کی فروخت میں سالانہ 7 فیصد تک کمی دیکھی گئی، جولائی سے اکتوبر کے ایک سال دورانیے میں 55 ہزار 859 کاریں فروخت ہوئیں،کم فروخت کی وجہ سے سوزوکی بولان کی جانب سے پنجاب ٹیکسی اسکیم کی گاڑیاں بھی کچھ ماہ قبل ختم کردی گئیں۔

ملک میں ٹریکٹرز کی فروخت میں 27 فیصد اضافہ دیکھا گیا، سال کے پہلے چار مہینوں میں 11 ہزار 646 ٹریکٹرز فروخت ہوئے، جب کہ صرف اکتوبر میں ہی ٹریکٹرز کی فروخت میں 93 فیصد اضافہ ہوا۔ٹریکٹرز کی فروخت میں اضافے کا ایک سبب جی ایس ٹی کم ہونا اور حکومت کی جانب سے مقامی کاشت کاروں کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔