کیڈٹ کالج کے متاثرہ طالب علم محمد احمد کے والد سے تحقیقاتی ٹیم کی ملاقات،بچے پر تشدد کے حوالے معلومات حاصل کیں

میڈیکل بور ڈ متاثرہ طالب علم کی صحت اور رپورٹس کا معائنہ کرے گ

پیر 21 نومبر 2016 09:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21نومبر۔2016ء)کیڈٹ کالج میں استاد کے مبینہ تشدد کا نشانہ بننے والے متاثرہ طالب علم محمد احمد کے والد سے تحقیقاتی ٹیم نے ملاقات کی جس میں انہوں نے بچے پر تشدد کے حوالے معلومات حاصل کیں جب کہ میڈیکل بورڈ متاثرہ طالب علم کی صحت اور رپورٹس کا معائنہ کرے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت کے بعد لاڑکانہ کے کیڈٹ کالج میں استاد کی جانب سے مبینہ تشدد کا نشانہ بننے والے طالب علم محمد احمد کے والد سے تحقیقاتی ٹیم نے ملاقات کی جس میں ٹیم نے بچے پر تشدد کے حوالے سے معلومات حاصل کیں، بچے کے والد نے تحقیقاتی ٹیم سے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً ایک گھنٹے تک تحقیقاتی ٹیم کے 4 ارکان نے گھر پر ملاقات کی اور ان کے بچے پر تشدد کے حوالے سے سوالات بھی کیے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ محمد احمد کا علاج امریکا میں ہوسکتا ہے جب کہ متاثرہ طالب علم کے والد غلام احمد کا کہنا تھا کہ ان کے پاس اتنے پیسے نہیں کہ وہ اپنے بیٹے کا امریکا میں علاج کراسکیں، انہوں نے اپنی تمام جمع پونچی احمد کے علاج پر لگا دی ۔ طالب علم محمد احمد کے والد محمد راشد نے بچے کے پہلے سے بیمار ہونے کی افواہوں کی تردید کی ہے،بچے کے والد کا کہنا ہے کہ محمد احمد کو کوئی بیماری نہیں تھی، کیڈٹ کالج میں داخلے سے قبل بچے کا مکمل طبی معائنہ کیا گیا تھا۔

محمد راشد نے کہا کہ علاج ملک کے اندر ہو یا امریکا میں، وزیراعلیٰ سندھ نے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرادی ہے۔واضح رہے کیڈٹ کالج لاڑکانہ کے 14 سالہ طالب علم محمد احمد کو استاد نے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث طالب علم کی گردن کی ہڈی ٹوٹ گئی اور وہ ذہنی صلاحیت سے بھی محروم ہوگیا۔