وزیر اعلیٰ پنجاب نے موٹر بائیک ایمبولینس سروس کی منظوری دے دی

پیر 21 نومبر 2016 09:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21نومبر۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے لاہور اور پنجاب کے دیگر بڑے شہروں کے لیے ’موٹر بائیک ایمبولینس سروس‘ کی منظوری دے دی۔ وزیر اعلیٰ نے صوبائی درالحکومت لاہور کے لیے 100 موٹر بائیکس پر مشتمل ایمبولنس سروس جبکہ گجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان اور راولپنڈی کے لیے 50، 50 موٹر سائیکل پر مشتمل ایمبولینس سروس لانچ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق اس سکیم کو لانچ کرنے کا مقصد تنگ اور دشوار گزار علاقوں میں کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں زخمیوں کو بروقت وہاں سے نکالا جاسکے جہاں ایمبولینس کا پہنچنا کافی مشکل ہوتا ہے۔عہدے دار کا کہنا ہے کہ موٹر بائیکس تنگ گلیوں اور چھوٹی سڑکوں اور مضافاتی علاقوں تک باآسانی پہنچنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، موٹر بائیک ایمبولینس کے ہمراہ دو پیشہ ور امدادی کارکن موجود ہوں گے جو تمام ضروری طبی آلات سے لیس ہوں گے تاکہ فوری طور پر امدادی سرگرمیاں شروع کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ موٹر بائیک ایمبولینس کے پیچھے چار پہیہ ایمبولینس بھی بھیجی جائے گی جو جائے حادثہ کے قریب ترین قابل رسائی علاقے تک پہنچے گی، موٹر بائیک ایمبولینس کے ذریعے تنگ گلیوں سے زخمیوں کو ریسکیو کرکے ایمبولینس وین میں منتقل کیا جائے گا جو زخمی کو ہسپتال منتقل کردے گی۔