قرضے ہڑپ کرنے والوں کو بھاگنے نہیں دیں گے ، قوم ان لٹیروں کاتعاقب کریگی ،سرا ج الحق

کرپشن ،سودی نظام اور فحاشی و عریانی کے سدباب کیلئے خانقاہیں قائدانہ کردار ادا کریں گی ہمیں تو سعودی عرب سے کھجور اور آب زم زم کے سوا کچھ نہیں ملتا ،حیرت ہے حکمرانوں کو وہاں سے سٹیل ملیں تحفہ میں کیسے مل جاتی ہیں حکمران کرپشن میں ملوث ہوئے تو قطری شہزادہ بھی انہیں نہیں بچا سکے گا، ایسا کمیشن بنایا جائے جو نہ صرف کرپشن کے ثبوت جمع کرے بلکہ قوم کو حقائق سے آگاہ اور لٹیروں کو سزائیں دے اور جب تک ایک ایک پائی ان سے نکلوا نہیں لیتے پیچھا نہیں چھوڑیں گے،قومی دولت لوٹنے والوں کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں اور پاؤں میں بیڑیا ں ڈال کرانہیں اڈیالہ جیل میں بند کرنا چاہئے ، علماء و مشائخ کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو

پیر 21 نومبر 2016 09:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21نومبر۔2016ء )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی صدارت میں منصورہ میں منعقدہ علماء و مشائخ کانفرنس میں شریک پاکستان اور بھارت کے معروف مزارات اولیاء کے گدی نشین حضرات نے پاکستان کو ایک حقیقی معنوں میں اسلامی و فلاحی مملکت بنانے اور نظام مصطفے ٰﷺ کے نفاذ کیلئے تحریک پاکستان کو دوبارہ زندہ کرنے کے عہد اور عزم کا اظہار کیا ہے ۔

کرپشن ،سودی نظام اور فحاشی و عریانی کے سدباب کیلئے خانقاہیں قائدانہ کردار ادا کریں گی۔جماعت اسلامی کسی خاص مسلک کی نہیں ،مسلمانوں کے تمام مکاتب فکر کی نمائندہ جماعت ہے ،مشائخ جماعت اسلامی کے ساتھ چلنے کیلئے تیار ہیں ۔ کانفرنس میں خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ ،لیاقت بلوچ ،دیوان احمد مسعود ،دیوان عظمت سید محمد ،خواجہ فرید الدین فخری اورنگ آباد انڈیا ،سید طاہر نظامی ،دہلی انڈیا ۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ سلطان احمد علی ،خواجہ نور محمد سہو ،خواجہ نصرالمحمود ،مخدوم زین محمود قریشی ،خواجہ اسرارالحق چشتی ، پیر محمود الدین ،پیر غلام رسول اویسی ،چیئر مین غلام محمد سیالوی ،الحاج مقصود احمد چشتی ،سید محمد بلال چشتی خواجہ نشین اجمیر شریف انڈیااورعثمان نوری سمیت ملک بھر کی معروف خانقاہوں کے سجادہ نشین حضرات نے شرکت کی ۔بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ دینی مدارس اور خانقاہیں بہت بڑی طاقت ہیں ،خانقاہوں کا تحریک پاکستان میں بڑا موثر کردار ہے اور اگر صوفیا ء کرام قائد اعظم  کا ساتھ نہ دیتے تو شاید قیام پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوتا۔

لاکھوں جانوں کی قربانی کے بعد بننے والے پاکستان پر 70سال ان لوگوں کا قبضہ ہے جنہوں نے تحریک پاکستان کو ناکام بنانے کیلئے انگریز کا ساتھ دیا اور پھر ملک کے اقتدار پر قابض ہوکر نظریہ پاکستان سے بے وفائی کی ۔منصورہ میں جمع ہونے والے مشائخ نے ملک سے شخصی آمریتوں اور خاندانی بادشاہتوں کے خاتمہ اور ملک میں نظام مصطفیﷺ کے نفاذ کیلئے جماعت اسلامی کے پروگرام کے ساتھ اتفاق کرتے ہوئے ساتھ دینے کا عہد کیا ہے ۔

علماء و مشائخ نے پاکستانی قوم کو علاقائی ،لسانی اور مسلکی اختلافات سے نکال کر باہمی اتحاد و یکجہتی کے فروغ اور مسلمانوں کے اندر محبت و اخوت اور بھائی چارے کے فروغ کا بیڑا اٹھایا ہے ۔ہمارا دشمن ہمیں باہمی انتشار کا شکار کرکے کمزور کررہا ہے اور پاکستان سمیت اسلامی دنیا کو عراق ،شام اور افغانستان کی طرح تباہی سے دوچار کرنا چاہتا ہے ،کشمیر ، فلسطین اور اراکان جیسے مسائل کے حل کیلئے ضروری ہے کہ عالم اسلام متحد ہو۔

انہوں نے کہا کہ نظریاتی ،اخلاقی اور مالی کرپشن کا ذمہ دار حکمران ٹولہ ہے جس نے عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے اس استحصالی طبقہ کے خلاف منبر و محراب اور خانقاہوں سے آواز اٹھانے پر اتفاق کیا گیا ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہم کرپشن میں ملوث ہر لٹیرے کا احتساب چاہتے ہیں ،پانامہ لیکس سمیت کرپشن سکینڈلز میں ملوث سب کامحاسبہ ضروری ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہمیں تو سعودی عرب سے کھجور اور آب زم زم کے سوا کچھ نہیں ملتا ،حیرت ہے حکمرانوں کو وہاں سے سٹیل ملیں تحفہ میں کیسے مل جاتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکمران کرپشن میں ملوث ہوئے تو قطری شہزادہ بھی انہیں نہیں بچا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ ایسا کمیشن بنایا جائے جو نہ صرف کرپشن کے ثبوت جمع کرے بلکہ قوم کو حقائق سے آگاہ کرے اور لٹیروں کو سزائیں دے ۔

انہوں نے کہا کہ قرضے ہڑپ کرنے والوں کو بھاگنے نہیں دیں گے ، قوم ان لٹیروں کاتعاقب کرے گی اور جب تک ایک ایک پائی ان سے نکلوا نہیں لیتے پیچھا نہیں چھوڑیں گے ۔انہوں نے کہا کہ قومی دولت لوٹنے والوں کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں اور پاؤں میں بیڑیا ں ڈال کرانہیں اڈیالہ جیل میں بند کرنا چاہئے ۔