پاکستان کے دفاعی سازو سامان تیار کرنے والے ادارے 6سے زائدنئی دفاعی ایجادات بھی متعارف کرائیں گے

پاکستان کی آرمی ،نیوی اور ایئر فورس دہشت گردی کے خاتمے کا وسیع تجربہ رکھتی ہے ،آئیڈیاز نمائش کے دوران منعقد کی جانیوالی کانفرنس میں دوسرے ممالک کیساتھ اس تجربے کو شیئر کریں گے دفاعی نمائش میں پاکستان کی جدید ٹیکنالوجی کو دیکھ کر دنیا کو معلوم ہو جائیگا کہ پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، بریگیڈیئر وحید ممتاز کی صحافیوں سے گفتگو

پیر 21 نومبر 2016 09:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21نومبر۔2016ء) نویں آئیڈیاز2016ء میں پاکستان کے دفاعی سازو سامان تیار کرنے والے ادارے 6سے زائدنئی دفاعی ایجادات بھی متعارف کرائیں گے ،پاکستان کی آرمی ،نیوی اور ایئر فورس دہشت گردی کے خاتمے کا وسیع تجربہ رکھتی ہے ،آئیڈیاز نمائش کے دوران منعقد کی جانیوالی کانفرنس میں دوسرے ممالک کیساتھ اس تجربے کو شیئر کریں گے تاکہ وہ بھی ہماری صلاحیتوں سے استفادہ کر سکیں،دفاعی نمائش میں پاکستان کی جدید ٹیکنالوجی کو دیکھ کر دنیا کو معلوم ہو جائیگا کہ پاکستان دفاع میں بھی سب سے آگے ہے اور دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔

یہ بات ایکسپو سینٹر میں ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (DEPO) کے ڈائریکٹر میڈیا کموڈور طاہر جاوید اور بریگیڈیئر وحید ممتاز نے اتوار کے روز ایکسپو سینٹر میں نویں آئیڈیاز نمائش2016ء کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سوالات کے جوابات میں کہی ۔

(جاری ہے)

کموڈورطاہر جاوید نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان آرڈیننس فیکٹری ،ہوی انڈسٹری ٹیکسلا،نیشنل ریڈیواینڈ ٹیلی کمیونیکشن کارپوریشن سمیت دیگر ادارے ہیوی مشین گن ،ہیوی موٹر وہیکل،سکیورٹی سسٹم اوردفاعی الیکٹرونک مصنوعات متعارف کر وا رہے ہیں ۔

نمائش میں 14ایم او یو پر دستخط ہوں گے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ روسی دفاعی مصنوعات میں پاکستان کی دلچسپی کے باوجود دیگر ممالک سے بھی پاکستان دفاعی سازو سامان کی تجارت کا سلسلہ کاجاری رکھے گا۔بھارت کی جانب سے پاکستانی حدود کے خلاف ورزی سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں بریگیڈیئر وحید ممتازنے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے حوالے سے آئی ایس پی آر صورتحال سے متعلق آگاہی دے رہا ہے نمائش کے حوالے سے اتنا ضرور کہوں گا کہ پاکستان دفاعی ٹیکنالوجی میں بہت آگے ہیں اور آئیڈیاز نمائش کو دیکھ لیا جائے تو پاکستان دشمن کو پتہ چل جائیگا کہ ہم منہ توڑ جواب دینے کی اہلیت رکھتے ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے کا وسیع تجربہ رکھتی ہے آپریشن ضرب عضب اور آئی ڈی پیز کی بحالی میں پاک فوج کا اہم کردار ہے یہ سارے تجربات آئیڈیاز نمائش میں شرکت کرنے والے بیرون ممالک کے متعلقہ اداروں کیساتھ شیئر کریں گے تاکہ وہ ہماری صلاحیتوں سے اپنے ملک میں فائدہ اٹھاسکیں ۔

متعلقہ عنوان :