سیالکوٹ ،ہماری بہادرافواج اپنی سرزمین کی حفاظت کرنا جانتی ہے، وزیر دفاع

سی پیک کی تکمیل سے لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ختم ہونگے ،ملک سے دہشت گردی کا بھی خاتمہ ہوگا،بھارت نے ہم پر جنگ مسلط کی تو بھرپور جواب دیں گے خواجہ آصف کا یوسی چیئرمین توحید اختر کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ سے خطاب ،نجی ٹی وی سے گفتگو

اتوار 20 نومبر 2016 08:23

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20نومبر۔2016ء)وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاک چائنہ راہداری کی تکمیل کے بعد ملک سے ناصرف لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ختم ہونگے بلکہ ملک سے دہشت گردی کا بھی خاتمہ ہوگا ‘معاشی اور دفاعی آزادی ہوگی اور آج بھی ہماری قوم ناقابل تسخیر ہے ‘ دہشت گردی کے خلاف ہماری پاک افواج نے فتح پائی ہے اورہماری بہادرافواج اپنی سرزمین کی حفاظت کرنا جانتی ہے اور ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہے ۔

ان خیالات کا اظہار خواجہ محمد آصف نے گزشتہ روز یوسی چیئرمین توحید اختر کی جانب سے پیرس روڈ پر دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سنیٹر پروفیسر ساجد میر، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی چودھری ارمغان سبحانی، محمد منشاء اللہ بٹ، چودھری محمد اکرام، چودھری ارشد وڑائچ،محسن اشرف، منور گل، رانا لیاقت علی، ایم ایل اے چودھری اسحاق، صدر ایوان صنعت تجارت سیالکوٹ ماجدرضا، ضلعی صدرپی ایم ایل این ادریس باجوہ، جنرل سیکری شجاعت علی پاشا بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

خواجہ محمد آصف نے کہاکہ وہ اس شہر کے باسیوں کے شکر گذار ہیں کہ ان کی مہربانیاں اور حمایت مجھے گذشتہ 26سال کی سیاست میں اعتماد دیتی رہی ہے اور اس شہر کے وفادار ووٹروں کی وفاداری نے ہی مجھے وفاداری سیکھائی۔ انہوں نے کہاکہ میں میاں محمد نواز شریف کا بھی شکرگذار ہوں انہوں نے مجھے بے پناہ اعتماد سے نوازا اس کی وجہ بھی عوام ہیں جنھوں نے مجھ پر اعتماد کیا ۔

انہوں نے کہاکہ میں اللہ کا شکر گذار ہوں اور تکبر کے الفاظ انسان کی زبان پر نہیں ہونے چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ جنرل الیکشن میں ضلع سیالکوٹ مسلم لیگ ن کے امیدواروں نے 100فیصد کامیابی حاصل کی بلدیاتی ، کنٹونمنٹ اور آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے الیکشن جیتے یہ سب اللہ کا فضل تھا۔ انہوں نے کہاکہ مشرف کے تکبر کی مثال دیتے ہوئے کہاکہ رسی جل گئی ہے مگر بل نہیں گیا اور وہ آج بھی کہہ رہا ہے میں کوئی معمولی آدمی ہوں ۔

انہوں نے کہاکہ میاں محمد نواز شریف جلا وطن ہوئے اور وطن واپس آئے اور تیسری دفعہ وزیراعظم بنے ۔ انہوں نے کہاکہ اللہ جسے چاہتا ہے عزت دیتا ہے اور جسے چاہے ذلیل کردیتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جو انسان اللہ کو بھول جاتا ہے وہ اللہ کی جانب سے دیئے گئے مرتبوں کی عزت بھی گنوا دیتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ خدمت کا سفر اللہ کے فضل و کرم سے جاری و ساری ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اگلے ہفتے میں موٹر وے کی تعمیر کا کام شروع ہوجائے گاجبکہ آرمی کے انتظام میں نسٹ انجینئرنگ یونیورسٹی کے کیمپس کا قیام جلد عمل میں آرہا ہے اور اگلے سال ستمبر میں سے کلاسز کا آغاز ہوجائے گاان کوزمین الاٹ کردی گئی ہے اور ان کو توسیع کیلئے مزید زمین دی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ خدمت کا یہ سفر ہے کسی پر احسان نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ آنے والے وقت میں لوگ ہمیں دعا ئیں دیں گے کہ ہم سے ووٹ کا حق ادا کردیا ہے اور ہماری مغفرت کیلئے دعا کرینگے۔

انہوں نے امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ ضلع کونسل کی مخصوص نشستوں پر تین امیدواروں کو ہمارے دوستوں نے ہروایا ورنہ ضلع کونسل میں 120میں 111سیٹیں ہماری ہوتی ۔ انہوں نے کہا کہ اس شہر میں کسی کا ذاتی ووٹ نہیں ہے سیالکوٹ میں صرف میاں نواز شریف کا ووٹر ہے ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا ووٹ نواز شریف کے امیدواروں کے خلاف استعمال نہیں ہونے دینگے۔

انہوں نے کہاکہ کسی کو یہ ذوم ہے کہ میاں نواز شریف کی ووٹوں کا سودا کرنے کا حق رکھتا ہے ۔ یہ شہر اور اس کے ووٹر ہر امتحان میں پورے اترے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ یہاں کا ووٹر 2002ء میں نہیں جھکا ۔ انہوں نے کہاکہ میں پیغام دینا چاہتا ہوں جو پرانے دور دوبارہ لانا چاہتے ہیں اور ضلع کو لوٹنا چاہتے ہیں ان کے ارادے کبھی کامیاب نہیں ہونگے اور اگر کوئی ایم این اے اور ایم پی اے مجھ سے یہ سمجھتا ہے کہ وہ یہاں اپنی کوئی دکان کھولے گا تو یہ اس کی بھول ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہاں سکہ صرف میاں محمد نواز شریف کا چلے گا ۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں پیغام دیا کہ میری لئے اپنے مذہب اور ایمان کے بعد میری سب سے بڑی وفاداری میری پارٹی کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہار جیت ہوتی رہتی ہے اور سدا بادشاہی اوپر والے کے ہاتھ میں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وفاداری کریں اپنی پارٹی سے اپنی قائدین سے کریں ۔ انہوں نے کہاکہ آپ لوگ میرا خاندان ہے میںآ پ سے بے وفائی کا سوچ بھی سکتا۔

انہوں نے پی ٹی آئی کے وکیل کا پانامہ کیس لڑنے سے انکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ مخالفین کے وکیل بھاگ گئے ہیں اور وہ وکیل ڈھونڈ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایک ٹی وی نیوز چینل کی جانب سے اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ وہ روزانہ ہماری وکٹ اڑانے کی خبریں چلاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عزت اللہ دیتا ہے کوئی ٹی وی چینل کے ہاتھ میں نہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی والے جھوٹ بولتے ہیں اور ان کو شرم بھی نہیں آتی ۔

انہوں نے کہاکہ سیاست میں قید بھی ہوتے اورخاندان بھی نشانہ بنتے ہیں ۔ انہوں نے سیاسی ورکرز اپنے نظرئیے کیلئے ہر مشکل اور صوبتعیں برداشت کرتا ہے اور گلہ نہیں کرتے اچھے نہیں لگتے۔ انہوں نے کہاکہ میاں محمد نواز شریف عدلیہ کی آزادی کیلئے نکلے اور ہمارا کارواں گوجرانوالہ پہنچا تھا کہ اعتزاز احسن بھی ہمارے ساتھ ہولئے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خاں نے چار دن اپنے کارکنوں کو مار کھلائی اور اپنے گھر سے نہیں نکلا۔

انہوں نے کہاکہ عمران خاں سے بڑا مفت بار کوئی نہیں مفت کے وکیل کرتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جب بھی کارکنوں سے ملاقات ہوتی ہے باتیں کرنے کو دل کرتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پسرور، سمبڑیال اور ڈسکہ میں میونسپل کمیٹیوں میں مجارٹی مسلم لیگ ن کی ہے جس پر ہم اللہ کے شکرگذار ہوں ۔ تقریب سے سینیٹر پروفیسر ساجد میر اور چیئرمین یوسی توحید اختر نے بھی خطاب کیابعد ازاں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارت نے ہم پر جنگ مسلط کی تو بھرپور جواب دیں گے،بھارت کو ہم سے کئی گنازیادہ جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑامگر وہ چھپا رہے ہیں،بھارت کی جانب سے ہر جارحیت کا فوج منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔

وہ ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت نے ہم پر جنگ مسلط کی تو بھرپور جواب دیں گے، پاک فوج بھارت کو منہ توڑ جواب دے رہی ہے ،بھارت کو ہم سے کئی گنازیادہ جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑامگر وہ چھپا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شہداء کی تدفین عزت واحترام سے کی جاتی ہے ۔ مزید برآں خواجہ آصف کا ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری منصوبے سے ہر طرح کے اندھیرے ختم ہوں گے، نوازشریف عدلیہ کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں،ماضی کی طرح آج بھی اللہ نے نوازشریف کو سرخرو کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف جلاوطنی کے باوجود تیسری بار وزیراعظم بنے۔