پاک چین مشترکہ بحری مشقیں

دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے ذریعے دو طرفہ آپریشنل اور دفاعی سطح میں مزید اضافہ کیا جائے گا، بحری حکام

ہفتہ 19 نومبر 2016 11:07

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19نومبر۔2016ء ) پاکتان اور چینی بحری حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے ذریعے دو طرفہ آپریشنل اور دفاعی سطح میں مزید اضافہ کیا جائے گا، جب کہ چینی بحری حکام نے میری ٹائم سیکیورٹی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کموڈور فوعاد نے خیر سگالی کے دورے پر کراچی بندرگاہ آئے چینی جہاز سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاک چینی اہم بحری مشقیں ہاربر اور سی فیز پر مشتمل ہیں۔

ہاربر فیز اس وقت جاری ہے، جس میں باہمی ملاقاتیں، دونوں ممالک کے جہازوں پر دوروں کے تبادلے ، آپریشنل سرگرمیوں اور دوسرے امور پر بات چیت شامل ہیں۔مشقوں کا سی فیز بحری جہازوں، ہیلی کاپٹرز، میری ٹائم پٹرول ائیر کرافٹ کے میری ٹائم اور بحری آپریشنز، اسپیشل فورسزکے جوائنٹ بورڈنگ آپریشنز ، ائیر ڈیفنس مشقوں، رابطے کی مشقوں اور بحری جہازوں کی جنگی چالوں پر مشتمل ہوگا جو کہ کھلے سمندر میں منعقد کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاک بحریہ اور چینی بحریہ کے درمیان یہ مشقیں 21نومبر تک جاری رہیں گی اور یقینی طور پر ان بحری مشقوں کا انعقاد گوادر پورٹ پر سرگرمیوں اور کمرشل بحری جہازوں کی آمدو رفت کو تحفظ دینے کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

متعلقہ عنوان :