حکومت پر کرپشن کا ایک بھی الزام نہیں لگایا جا سکا، عابد شیر علی

2018 تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے وعدے پر قائم ہیں، اگلے سال تک کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ چالو ہونے کیساتھ ہی بجلی کو سستی کرنے کا عمل بھی شروع ہو جائے گا تربیلا فور کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے جس سے 1300 میگا واٹ بجلی ملے گی ،وزیر مملکت کا تاجروں اور صنعتکاروں سے خطاب

منگل 15 نومبر 2016 11:59

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15نومبر۔2016ء) وزیر مملکت برائے پانی اور بجلی عابد شیر علی نے کہاہے کہ ان کی حکومت پر کرپشن کا ایک بھی الزام نہیں لگایا جا سکا جبکہ صرف تین پاور پلانٹس سے سو ارب روپے کی بچت ہو گی ۔ حکومت 2018 تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے وعدے پر قائم ہے جبکہ اگلے سال 2017 تک کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ چالو ہونے کے ساتھ ہی بجلی کو سستی کرنے کا عمل بھی شروع ہو جائے گا ، تربیلا فور کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے جس سے 1300 میگا واٹ بجلی ملے گی ۔

اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15نومبر۔2016ء کے مطابق ان خیالات اظہار انہوں نے فیصل آبا میں تاجروں اور صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے پر قابو پانے کیلئے ان کی حکومت بجلی کی پیداوار کو ساڑھے تیرہ ہزار سے بڑھا کے 17 ہزار تک لے گئی ہے ۔

(جاری ہے)

جبکہ اکتوبر2018 تک مزید 8 سے دس ہزار کلو واٹ بجلی سسٹم میں آئے گی جس سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو سکے گا ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے آنے سے قبل ملک میں 14 سے 16 گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی تھی جبکہ ملک کا ہر طبقہ سڑکوں پر احتجاج کر رہا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ سابقہ حکومتوں نے بجلی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ بجلی کی ٹرانسمیشن پربھی ایک پائی خرچ نہیں کی جبکہ اب اربوں روپے کی لاگت سے مٹیاری سے لاہور تک نئی ٹرانسمیشن لائن بچھائی جائے گی ۔

اس سلسلہ میں بڈنگ کے ساتھ ہی لائنیں بچھانے کا کام شروع ہو جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے دوسرے مرحلے میں مٹیاری سے فیصل آباد تک ٹرانسمیشن لائن بچھائی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ اگلے سال مئی جون تک ساہیوال کا کوئلے سے چلنے والا پاور پلانٹ مکمل ہو جائے گا ۔ اس طرح تھر کول پاور پلانٹ پر بھی کام جاری ہے ۔جس سے لوگوں کو سستی بجلی مہیا کی جا سکے گی ۔

انہوں نے بتایا کہ درآمدی آر ایل این جی سے بلو کی ،بھکی اور حویلی بہادر شاہ میں آٹھ آٹھ سو میگا واٹ کے پاور پلانٹ لگائے جا رہے ہیں ۔ بھکی کا پاور پلانٹ اپریل مئی میں مکمل ہو جائے گا جس کے دو دو مہینے بعد باقی دو پاور پلانٹ بھی آپریشنل ہو جائیں گے انہوں نے چیمبر کے ممبروں کو ان منصوبوں کے دور ے کی بھی دعوت دی اور کہا کہ ان کو دیکھ کر انہیں معلوم ہو گا کہ حکومت لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے کتنی سنجیدہ ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد سمیت دیگر دس تقسیم کار کمپنیوں میں فل لوڈ پر سسٹم کو چلایا گیا فیصل آباد میں اس سلسلہ میں کوئی دقت پیش نہیں آتی جبکہ باقی کمپنیوں میں پیش آنے والے مسائل کو بتدریج حل کیا جا رہا ہے ۔ عابد شیر علی نے بتایا کہ فیصل آباد واپڈا انجینئرنگ اکیڈمی کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا فیصلہ ہو گیا ہے ۔

جبکہ اسلام آباد میں بھی واپڈا یونیورسٹی کیلئے زمین حاصل کی جار ہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں صدر ممنون حسین سے ان کا سنگ بنیاد رکھنے کیلئے وقت مانگا ہے اور توقع ہے کہ بہت جلد ان پر کام بھی شروع ہو جائے گا ۔ گیس سمیت شہر کے دیگر مسئلوں کے بارے میں وزیر مملکت نے کہا کہ صنعتکار اپنے مسائل کامشترکہ ایجنڈا بنا لیں تاکہ وہ ان کی متعلقہ وفاقی وزراء سے ملاقات کا بندوبست کر سکیں ۔ انہوں نے پنجاب میڈیکل کالج کو بھی یونیورسٹی کا درجہ دینے کے مطالبے کی حمایت کی اور بتایا کہ وزیر اعظم نواز شریف اپنے دورہ فیصل آباد کے دوران پنڈی بھٹیاں وزیر آباد موٹر وے اور ریلوے لائن کو ڈبل کرنے سمیت شہر کے دیگر اہم ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں خود اعلان کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :