وزیراعظم سی پیک پر کے پی کے حکومت سے کئے گئے وعدے نبھائیں تو معاملہ ختم،پرویز خٹک

پیر 14 نومبر 2016 10:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14نومبر۔2016ء) وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف سے کہتا ہوں کہ سی پیک منصوبے سے متعلق کے پی کے حکومت سے کئے گئے وعدے نبھائیں تو پھر معاملہ ختم۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ہمیں جھوٹی کہانیاں سناتے ہیں کہ سی پیک منصوبے میں کے پی کے کو نظر انداز نہیں کیا جارہا ہے پشاور ہائیکورٹ میں سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے دائر درخواست اس وقت تک واپس نہیں لی جائے گی جب تک کہ وزیراعظم صوبے کی تمام سیاسی جماعتوں کے سی پیک کے روٹ پر انکے تحفظات دور کرنے کی مکمل یقین دہانی نہیں کرا تے ۔

انہوں نے کہا کہ بہت سادہ معاملہ ہے۔ وزیراعظم اور احسن اقبال وعدہ تو کرتے ہیں لیکن اس پر قائم نہیں رہتے۔ انہوں نے اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان نفاق ہم نہیں وفاق خود پیدا کرتا ہے ۔ وفاق ہمارے صوبے کو نظر انداز کررہا ہے تو کیا ہم خاموش بیٹھے رہیں۔ سی پیک کا سینٹرل روٹ کے علاوہ ایک دوسرا رخ بھی ہے ، دوسرا رخ کے پی کے ہوکر بلوچستان جائے گا۔