نواز شریف“ چوتھی بار2018ء میں وزیر اعظم بنیں گے،خواجہ آصف

میرے مخالفین نے 2نومبر کیلئے ایک کروڑ روپے ایک سیاسی نوسرباز کودیئے تھے میرا ذاتی کوئی وجود نہیں ہے ، نواز شریف کے ساتھ میری وفاداری ہی میری شناخت ہے وفاداری کبھی نہیں ہار سکتی وفاہر محاذ پر جیتتی ہے ‘ وفانظریہ سے ہویا قائد سے ، مٹی سے ہو ،پارٹی سے یاخاندان سے ہر جگہ وفا فاتح ہوتی ہے اور یہ میری زندگی کا یہی نچوڑ ہے،وفاقی وزیر کا دعوت عام سے خطاب

پیر 14 نومبر 2016 10:38

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14نومبر۔2016ء)وفاقی وزیر دفاع اور پانی و بجلی خواجہ محمدآصف نے کہا ہے کہ سیالکوٹ کے باسیوں نے 2013ء کے انتخابات میں جو فیصلہ میاں محمد نواز شریف کے ایک سپاہی”خواجہ آصف“ کے حق میں کیا تھا اس فیصلے کو گذشتہ ساڑھے تین سالوں سے ہر عدالتی کسوٹی پر پرکھا گیا۔ الیکشن ٹربیونل میں بھی ہمیں فتح ملی اور عدالت عظمیٰ نے بھی اپنا فیصلہ ہمارے حق میں صادرکیا ۔

میرا اور آپ کا قائد”میاں محمد نواز شریف“ چوتھی بار2018ء میں وزیر اعظم بنے گا ، پی ٹی آئی کے کسی رہنما کا نام لئے بغیر کہا کہ میرے مخالفین نے 2نومبر کیلئے ایک کروڑ روپے ایک سیاسی نوسرباز کودیئے تھے ،میرا ذاتی کوئی وجود نہیں ہے میاں محمد نواز شریف کے ساتھ میری وفاداری ہی میری شناخت ہے۔

(جاری ہے)

مجھ میں اور میرے مخالفین میں بنیادی فرق بھی یہی ہے کہ میں نے 1991سے لیکر 2013ء تک 5الیکشن لڑے اور میرے پوسٹر پر صرف ایک ہی تصویر تھی جو میاں محمد نواز شریف کی ہے جبکہ میرے مخالفین ہر مرتبہ روپ بدل کر مقابلے میں آتے رہے ۔

وفاداری کبھی نہیں ہار سکتی وفاہر محاذ پر جیتتی ہے ‘ وفانظریہ سے ہویا قائد سے ، مٹی سے ہو ،پارٹی سے یاخاندان سے ہر جگہ وفا فاتح ہوتی ہے اور یہ میری زندگی کا یہی نچوڑ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ ہفتہ کی شام رکن صوبائی اسمبلی چودھری محمد ارشد وڑائچ کی جانب سے کینال سٹی میں خواجہ محمد آصف کے حق میں عدالتی فیصلے کی خوشی میں منعقدہ دعوت عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر اراکین قومی و صوبائی اسمبلی رانا شمیم احمد خاں، چودھری ارمغان سبحانی، محمد منشاء اللہ بٹ ، چودھری محمد اکرام، چودھری طارق سبحانی، رانا محمد افضل، رانا لیاقت ، منور گل ، محسن اشرف، آصف باجوہ ، رانا عبدالستاراور ذوالفقار غوری ، رانا عارف ہرناہ اور ایم ایل اے چوہدری محمد اسحاق کے علاوہ ضلع بھر کے یوسی چیئرمین ، کونسلرز اور مسلم لیگی عہدیداران بھی موجود تھے ۔

خواجہ محمد آصف نے کہاکہ میں ایک عام سیاسی ورکر ہوں مجھے آج جو عزت یا توقیر اور مقام حاصل ہے وہ اللہ رب العزت کی عطا ہے اور میاں محمد نواز شریف کے وسیلے سے ملی ہے اور سیالکوٹ کے باسیوں کی دعائیں میرے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سیاست میں دولت کا بڑا عنصر ہوتا ہے لیکن دولت سے وفائیں نہیں خریدی جاسکتیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارے مخالفین نے 2نومبر کیلئے ایک کروڑ روپیہ ایک سیاسی نوسرباز کودیا۔

انہوں نے کہاکہ اگر میرے مخالفین یہ رقم کسی کار خیر میں لگاتے تو صدقہ جاریہ ہوتا اور اس کا اجر اللہ پاک اللہ دیتے۔ لیکن جہاں آپ دے رہے ہو وہاں کسی کو اجر نہیں ملتا۔ انہوں نے کہاکہ مخالفین میرے اثاثوں کا الزام لگارہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ آپ لوگوں کی محبت اور پیار میرا اثاثہ ہے اور یہ اثاثہ نااہل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہاکہ میں نے اپنی 26سالہ سیاست میں اپنی دانست کے مطابق پوری ایمانداری سے اس شہر کی خدمت کرنے کی کوشش کی اور آپ لوگوں کی وفا کو کسی آمرکے آگے نہیں بیچا، انہوں نے پیشن گو ئی کرتے ہوئے کہاکہ سپریم کورٹ سے ابھی ایک اور فیصلہ آنا با قی ہے وہ بھی اللہ کے فضل سے ہمارے حق میں ہی آئے گا۔

انہوں نے کہاکہ میاں محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی منازل طے کررہا ہے جس سے ملک کو معاشی آزادی ملے گی ۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا پر بیٹھ کر دوست نما مخالف ہمارے جانے کی تاریخیں دے رہا ہے ۔ اس کو یہ بھی پتہ نہیں کہ پاکستان کی عوام کہاں بستی ہے؟ ۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ 2018ء میں منعقد ہونے والے عام انتخابات میں ووٹ کا سٹ کرنے کیلئے جب خلق خدا دوبارہ پولنگ اسٹیشن پہنچے گی تو ہم ان کی عدالت میں سرخرو ہوکر جائیں گے۔میرا اور آپ کا قائد”میاں محمد نواز شریف“ چوتھی بار وزیر اعظم بنے گا۔ انہوں نے کہاکہ 2013ء میں عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کئے جا ئیں گے۔ یاد رہے کہ موصوف نے عوام سے کئے جانے والے وعدے پورے کرنے کی کوئی تاریخ نہیں بتائی