جان ابراہم کی 'فورس 2' بھی پاک-بھارت مسائل کا شکار

فلم کے سیکوئل میں ہدایت کار نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی اور سرحد پار دہشت گردی کو پیش کیا ہے

ہفتہ 12 نومبر 2016 11:14

ممبئی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12نومبر۔2016ء )بولی وڈ اداکار جان ابراہم اور سوناکشی سنہا کی فلم 'فورس 2' میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جاری کشیدگی کو کچھ مناظر کے ذریعے فلم میں پیش کیا گیا، تاہم انڈین سینٹرل بورڈ ان مناظر کو فلم میں رکھنے کے حق میں نہیں۔ابھینے دیول کی ہدایات میں بننے والی فلم 'فورس 2'، 2011 کی کامیاب فلم 'فورس' کا سیکوئل ہے، جس کی کہانی ایک ایماندار افسر اے سی پی یش وردھن کی ایک خطرناک گینگسٹر کے خلاف کاروائی پر مبنی تھی، اس فلم کے سیکوئل میں ہدایت کار نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی اور سرحد پار دہشت گردی کو پیش کیا، تاہم سنسر بورڈ نے ان مناظر کو فلم میں رکھنے کی اجازت نہیں دی۔

فلم 'فورس 2' کو یو اے سرٹیفیکیٹ دیتے ہوئے سی بی ایف سی نے فلم میں ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات اور دہشت گردی کے حوالے سے تین مناظر کو حذف کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

جان ابراہم کا کہنا تھا کہ 'فلم فورس کی طرح، ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ اس کے دوسرے حصے میں بھی ہم سرحد پار ہونے والے سیاسی مسائل کو پیش کریں گے، جب ہم فلم کی شوٹنگ کررہے تھے، تو اس وقت اوڑی حملہ نہیں ہوا تھا، اس کے بعد اب فلم میں ایسا کچھ مناظر پیش کیے گئے ہیں جو حالیہ کچھ ماہ میں تبدیل ہوچکے ہیں'۔ان کے مطابق یہ مناظر فلم کی کہانی کے لیے کافی ضروری ہیں، اس لیے پروڈیوسرز نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ سی بی ایف سی سے اپیل کریں گے کہ ان مناظر کو فلم میں رہنے کی اجازت ملے۔

متعلقہ عنوان :