رائے ونڈ ،سالانہ 66واں عالمی تبلیغی اجتماع کے دوسرے مرحلہ کا آغاز

سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے تمام عارضی بازاروں کو پنڈ ال کی حدود سے باہر منتقل کردیا گیا

جمعہ 11 نومبر 2016 11:01

رائیونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11نومبر۔2016ء) رائے ونڈ میں منعقدہ سالانہ 66واں عالمی تبلیغی اجتماع کے دوسرے مرحلہ کے پہلے روز عصر کی نماز کے بعد امیر جماعت حاجی عبدالوہاب ،مولانا محمد جمیل اوردیگر نے مختلف اوقات میں کراچی ،سوات ،فیصل آباد ،ڈیرہ اسماعیل خان اور دنیا بھر سے پنڈال میں موجود فرزندان اسلام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تبلیغی کوئی جماعت نہیں اور نہ ہی کوئی فرقہ یہ تو اللہ اور اس کے رسول سے امت مسلمہ کا ناطہ جوڑنے کی محنت کرنے والے لوگ ہیں صدیوں کے بعد اللہ نے ہمیں ایک محنت دی ہے جو فرقہ واریت سے پاک،اختلافات سے پاک پوری دنیا میں اللہ تعالی کے پیغام کو زندہ کرنے کی محنت ہے ،ابلیسی قوتوں کے بچھائے ہوئے جال ٹی وی ،کیبل اور انٹر نیٹ نے جنت جیسے گھروں کو جہنم بنا دیا ہے خواتین کے بن سنوارکر گلی محلوں اور بازاروں میں بغیر پردہ پھرنے سے پردہ تار تار ہوگیا ہے، جہنم سے نجات کی کنجی حاصل کرنے کا واحد راستہ گھر گھر دعوت اسلام کرنا ہوگا نماز کی پابندی کرو اور اپنے اہلخانہ کو پابند بناو لوگوں کو نیکی کی طرف راغب کرناہے کیونکہ اللہ تعالی کا فرمان امر باالمعروف و نہی عن المنکر ہے، اس اجتماع کا مقصد مسلمانوں میں شمع رسالت اور دین خدا وندی سے روشناس کرانا مسلمانوں کو برائی سے ہٹاکر نجات کے راستہ پر ڈالنا ہے ،یہ زندگی چند دنوں کی ہے اور موت کے بعد کی زندگی ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ہے اگلی زندگی نیک اعمال سے بنتی ہے لیکن د نیا اعمال کے بجائے مال بنانے میں لگی ہوئی ہے مال ودولت عالی شان محلات یہ کوٹھیاں چوبارے یہاں ہی رہ جانے ہیں ہر انسان نے دنیا سے خالی ہاتھ ہی جانا ہے دنیا کی خواہشات کو چھوڑ کر اللہ تعالی کے دین کی ترویج اور حضرت محمد ﷺ کے بتائے ہوئے راستہ پر چلو اور دوسروں کو دعوت دو پنڈال میں اکٹھے ہونے کا نام تبلیغ نہیں دعوت کو آگے بڑھاوٴ، گلی محلوں دیہاتوں شہروں میں نکل کر اس نیک عمل کو اپنا کر دوسروں کو دعوت دینے کانام تبلیغ ہے، آج کا مسلمان اپنی دانستہ غلطیوں سے ذلیل و خوار ہورہاہے، اگر نبی آخرالزمان ﷺ کے طریقہ کے مطابق زندگی نہیں گزاررہے تو قصور قسمت کا نہیں بلکہ ہماری غلطیوں کا نتیجہ ہے آج مسلمان انپے چاروں طرف نظر دوڑائے تو چاروں طرف مغربی کلچر کا فرو غ اورتہذیب ہی نظر آئے گی اس لیے مسلمانوں اپنے گھروں میں سب سے پہلے دعوت دین دو اور اپنے بچوں کو نماز روزے کا پابند بناوٴ اور لڑکیوں اور خواتین کو پردے کا پابند بناوٴ اور پھر دوسروں کو تلقین کرو تاکہ آپکے اپنے اعمال بھی نیک اور دوسروں کے لیے مثال ہوں، دعوت تبلیغ امر بالمعروف و نہی عن المنکر اسلام کی وسعت اور ہم سب کی کامیابی کا انحصار ہے ،مسلمانوں دنیا کے ہر کونے کونے میں پھیل کر دعوت تبلیغ کی محنت کرنا ہوگی اور جنت آپکی طلب گا ر ہوگی ورنہ دنیا میں بھٹکتے رہوگے اور آخرت میں ذلیل و رسوا ہوں گے ، نیک اعمال کی کمائی دولت ہی کام آنے والی ہے مرنے کے بعد یہ آپ کے ساتھ جائے گی دین سیکھواور دوسروں کو سکھاوٴ زبان سے کلمہ پڑھ لینا کافی نہیں اللہ تعالی کو اسکی صفات کے مطابق ماننے میں ہے، اللہ کے سوائے ہر مخلوق کا تاثر دل سے نکال دینا اپنے اندر ایمانی نظریہ پید اہونے سے مرنے تک ہر انسان اللہ تعالی کا محتاج ہے، آسمان و زمین کے درمیان تمام چیزیں مخلوق میں دنیا و آخرت میں کامیابی کے لیے دین اسلام پر عمل کرنا اور مشکلا ت کا حل ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دعوت و تبلیغ کا کام عام کام نہیں ہے یہ انبیاء اکرام کا کام ہے اللہ نے اس عظیم کا م کیلئے اپنے پیارے اور آخری محبوب نبی کی امت کو چنا ہے نبوت کا دروازہ مقفل ہونے کے بعد اس کام کی انجام دہی کیلئے امت محمدی کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا کلمہ کی دعوت کو عام کرنا ہر امتی تک کلمہ کی دعوت کو پہچانا اسی عظیم امت کے ذمہ ہے اس کام کو کرتے کرتے مرنا ہے مرتے مرتے کرنا ہے ۔

اجتماع کے شرکاء کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔دریں اثناء تبلیغی اجتماع کی انتظامیہ اور حساس ادرو ں نے سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے تمام عارضی بازاروں کو پنڈ ال کی حدود سے باہر منتقل کرکے مندوبینوں کی سکیورٹی خدشات کا خاتمہ کرنے میں پنجاب حکومت کی ہدایت پرعمل درآمد کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ دوسرامرحلہ پر 3اسپیشل ٹرینیں کراچی سے ہزاروں افرادکو لیکر رائے ونڈ پہنچ گئی ہیں ۔

سرکاری تعلیمی ادارے آج کھلے رہیں گے ۔جمعہ کے بعد مولانا طارق جمیل کا خصوصی خطاب ہوگا ۔ ریلوئے اسٹیشن کے استقبالہ کیمپ میں 200سے زائد کارکنان خدمت پر مامور ہیں جو مشکوک افراد سمیت جیب کتروں پر نظر رکھے ہوئے ہیں ریلوئے پولیس سمیت دیگر اداروں کے اہلکاروں کو مفت کھانا فراہم کیا جارہا ہے، ادھر لاہور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے انچارج محمد اسلم مہر 225اہلکاروں کیساتھ پنڈال کی صفائی پر اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں، لیسکو حکام نے بجلی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے 20افراد پر مشتمل 2شفٹیں سردار محسن ڈوگر کی قیادت میں کام کررہی ہیں جبکہ محکمہ صحت کی 3شفٹیں کام کررہی ہیں، آج جمعہ کے روز شرکاء کی تعداد 5لاکھ سے تجاوز کر جائیگی مولانا طارق جمیل کے بیان کو سننے کیلئے آج کثیر تعداد میں لوگ پنڈال پہنچیں گے ،لائیو کوریج کا انتظام بھی متوقع ہے ۔

متعلقہ عنوان :