وفاقی حکومت گورنر سندھ کی تبدیلی بارے صوبائی حکومت کو اعتماد میں لیتی تو اس میں کوئی قباحت نہیں تھی،نثار کھوڑو

گورنر کی تقرری اور برطرفی وفاقی حکومت کا اختیار ضرور ہے تاہم گورنر سندھ کو اچانک ہٹاناکچھ لوگوں کو عجیب ضرورلگا ہے سندھ کابینہ میں توسیع یا تبدیلی ہوتی رہتی ہے، کابینہ میں تبدیلی پارٹی اور حکومت کا اختیار ہے،میڈیا سے بات چیت

جمعہ 11 نومبر 2016 10:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11نومبر۔2016ء) سینئر وزیر نثار احمدکھوڑو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت گورنر سندھ کو تبدیل کرنے کے متعلق اگر سندھ حکومت کو اعتماد میں لیتی تو اس میں کوئی قباحت نہیں تھی،گورنر کی تقرری اور برطرفی وفاقی حکومت کا اختیار ضرور ہے تاہم گورنر سندھ کو اچانک ہٹاناکچھ لوگوں کو عجیب ضرورلگا ہے،سندھ کابینہ میں توسیع یا تبدیلی ہوتی رہتی ہے، کابینہ میں تبدیلی پارٹی اور حکومت کا اختیار ہے۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں مقامی ہوٹل میں کنزیومر ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقد کی گئی کنزیومر فوڈ سیفٹی کانفرنس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سبکدوش گورنر عشرت العباد پر کوئی نیا مقدمہ نہیں بنا ہے اس لئے ان کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی باتیں مناسب نہیں آئینی طور پر عشرت العباد عہدے سے ہٹنے کے بعد دو سال تک سیاست میں حصہ نہیں لے سکتے۔

(جاری ہے)

فی الحال ان کے سیاست میں آنے کی باتیں قبل از وقت ہیں۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ دو سال کی پابندی کے بعد عشرت العباد سیاست میں حصہ لینگے یا نہیں یہ بعد میں ہی پتہ چلے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ کابینہ نے سندھ فوڈ اتھارٹی بل کی منظوری دے دی ہے اورسندھ فوڈ اتھارٹی بل کو سندھ اسمبلی کے پیر سے شروع ہونے والے اجلاس میں کسی بھی دن منظوری کے لئے پیش کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان کے محکمے کی صرف گندم کی خریداری اور فراہمی کی ذمیہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں کنزیومر پروٹیکشن کا قانون موجود ہے جس پر بہتر عملدرآمد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں غیر معیاری اشیاء کی فروخت میں اپنے ہی صوبے کے لوگ ملوث ہیں اس لئے اپنے گھر کو بہترکرنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :