اگلا جرمن صدر کون ہو گا؟ مشترکہ امیدوار پر اتفاق نہ ہو سکا

بدھ 9 نومبر 2016 11:51

برلن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9نومبر۔2016ء)جرمن چانسلر انجیلا مرکل اور اتحادی جماعتوں کے رہنما ملک کے آئندہ صدر کے لیے ایک مشترکہ امیدوار کے نام پر ابھی تک متفق نہیں ہو سکے ہیں۔ یہ صورتحال بڑی سیاسی جماعتوں کے مابین کشیدہ صورتحال کو بھی واضح کرتی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اتوار کی شام بھی کرسچن ڈیموکریٹک یونین (سی ڈی یو)، کرسچن سوشل یونین ( سی ایس یو) اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی ( ایس پی ڈی) کے سربراہان صدر یوآخم گاوٴک کا جانشین تلاش کرنے میں ناکام رہے۔

(جاری ہے)

یہ اجلاس برلن میں چانسلر دفتر میں ہوا۔ تاہم انجیلا مرکل، ہورسٹ ذیہوفر اور زیگمار گابریل کی اس ملاقات سے بہت زیادہ امیدیں بھی وابستہ نہیں کی جا رہی تھیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ اب اس سلسلے میں اگلے اختتام ہفتہ پر ایک اور مرتبہ یہ رہنما ملیں گے۔سوشل ڈیموکریٹک پارٹی چاہتی ہے کہ ان کے رہنما اور موجودہ وزیر خارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر کو ملک کا آئندہ صدر بنایا جائے۔ اس مقصد کے لیے سوشل ڈیموکریٹک رہنما زیگمار گابریل نے دو ہفتے قبل اشٹائن مائر کا نام پیش کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :