زونگ کی اکتوبر کے مہینے میں 5 ارب روپے کی ریکارڈ آمدنی

یہ اب تک کی ہونے والی سب سے زیادہ ماہانہ آمدنی ہے، موبائل ڈیٹا کے استعمال میں 200 فیصد تک کا غیر معمولی اضافہ اس ریکارڈ آمدنی کی بنیادی وجہ ہے: کمپنی اعلامیہ

بدھ 9 نومبر 2016 11:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9نومبر۔2016ء) چائنا موبائل کمیونیکیشن کارپوریشن کے ذیلی ادارے زونگ کے اعلامیہ کے مطابق کمپنی کو اکتوبر2016 میں 5 ارب روپے کی ریکارڈ آمدنی حاصل ہوئی ہے جو اب تک کی ہو نے والی سب سے زیادہ ماہانہ آمدنی ہے۔کمپنی نے اکتوبر2016 میں آمدنی میں 23.2 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق سال 2015کے اسی مہینے کے مقابلہ میں موبائل ڈیٹا کے استعمال میں 200 فیصد تک کا غیر معمولی اضافہ اس ریکارڈ آمدنی کی بنیادی وجہ ہے۔

رواں سال اگست میں زونگ کے 4G صارفین کی تعداد 9 لاکھ تھی جو ستمبر میں بڑھ کر 17 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔کمپنی پر امید ہے کہ بہت جلد اس کے 4G صارفین کی تعداد 20 لاکھ تک پہنچ جائے گی جو پاکستانی ٹیلی کام مارکیٹ کیلئے کسی اعزاز سے کم نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ زونگ صارفین کے حوالے سے ملک بھر میں سب سے تیزی سے پھیلتا ہوا جدید ترین نیٹ ورک ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ زونگ کو گزشتہ دنوں پی ٹی اے کی جانب سے کال اور ڈیٹا سروسز کی مد میں بہترین نیٹ ورک قرار دیا گیا تھا۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ زونگ نے حال ہی میں ملک بھر میں4G کی اضافی1,000 سائٹس لگانے کے منصوبہ کا اعلان کیا ہے جس سے صارفین کو ٹیلی کام کی مزید بہترین سروسز میسر ہوں گی۔کمپنی نے سال 2016 کیلئے 4G رول آؤٹ سائٹ پلان کے تحت مقرر ہ ہدف3 ماہ پہلے ہی حاصل کر لیاتھا۔ اس اضافے سے کمپنی کی 4G سائٹس کی مجموعی تعداد 6,000 ہو جائے گی جس سے زونگ پاکستان کی سب سے بڑی ، وسیع اور تیز ترین 4G سروسز فراہم کرنے والی کمپنی بن جائے گی۔4G کے مقرہ اہداف کے حصول کیلئے چائنہ موبائل کمیونیکیشن کارپوریشن نے زونگ کیلئے مزید سرمایہ کاری کی منظوری دے دی ہے جس سے زونگ کی پاکستان میں محض4G کی مد میں کی جانے والی کل سرمایہ کاری300 ملین امریکی ڈالرز سے تجاوز کر جائے گی۔

متعلقہ عنوان :