نیوزگیٹ، عمران خان نے 7رکنی کمیشن کو مسترد کر دیا

کمیشن کے منتخب سربراہ ریٹائرڈ جسٹس عامر رضا کے ن لیگ سے انتہائی قریبی روابط ہیں، وہ نگران وزیر اعلی کے لئے ن لیگ کی طرف سے امید وار بھی تھے متنازعہ خبر کا مقصد جان بوجھ کر سول ملٹری تعلقات میں اس وقت رخنہ اندازی تھا جب بھارتی اشتعال انگیزی مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر بڑھ رہی تھی،ترجمان

بدھ 9 نومبر 2016 11:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9نومبر۔2016ء)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ڈان اخبار میں لگائی جانے والی نیشنل سیکیورٹی کے خلاف متنازعہ خبر پر بننے والے 7رکنی کمیشن کو مسترد کر دیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان میں چیئرمین کے ترجمان نے کہا کہ اس متنازعہ خبر کا مقصد جان بوجھ کر سول ملٹری تعلقات میں عین اس وقت رخنہ اندازی تھا جب بھارتی اشتعال انگیزی نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں بلکہ لائن آف کنٹرول پر بڑھ رہی تھی۔

عمران خان نے کہا کہ کہ کمیشن کے منتخب سربراہ ریٹائرڈ جسٹس عامر رضا کے ن لیگ سے انتہائی قریبی روابط ہیں۔ وہ نگران وزیر اعلی کے لیئے ن لیگ کی طرف سے امید وار بھی تھے۔ان کی طرف سے ایک آزاد اور موثر انکوائری ہونا ایک جواب طلب امر ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ یہ ایک تاریخ ہے کہ ریٹائرڈ ججوں کی سربراہی میں بننے والے کمیشنوں کی رپورٹ ہمیشہ سرد خانوں کی نظر ہوئی۔

عمران خان نے مطالبہ کیا کہ مجرم کو بروقت کٹہرے میں لانے کے لیئے اعلی عدلیہ کے حاضر سروس جج کی سربراہی میں انکوائیری ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ جانتے ہیں اس کے پیچھے کون ہے اور کس نے یہ کروایا ہے تو پھر کمیشن کی ضرورت باقی نہیں رہتی۔ وہ متعلقہ قانون کے تحت ان کی نشاندہی کر کے معاملے کو انجام تک پہنچائیں