الیکشن کمیشن کی پارلیمینٹرینز کے اثاثوں کی چھان بین بارے سفارشات تیار

اثاثوں کی چھان بین الیکشن کمیشن خود کرے گا ، ضرورت پڑنے پر ایف آئی اے ،نیب اور دیگر محکموں سے مدد لی جائے گی

منگل 8 نومبر 2016 10:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8نومبر۔2016ء) الیکشن کمیشن نے پارلیمینٹرینز کے اثاثوں کی چھان بین کے بارے میں سفارشات تیار کر لی ہیں ،پارلیمینٹرینز کے اثاثوں کی چھان بین الیکشن کمیشن خود کرے گا جبکہ ضرورت پڑنے پر ایف آئی اے ،نیب اور دیگر محکموں سے مدد لی جائے گی ، آئین کے آرٹیکل 220کے تحت ملک بھر کے تمام ادارے الیکشن کمیشن کو معلومات دینے کے پابند ہیں ،پارلیمینٹرین کے اثاثوں کی چھان بین سے متعلق سفارشات پر چیف الیکشن کمیشن کو بریفنگ دینے اور ان کے مطمئن ہونے کے بعدانتخابی اصلاحات کمیٹی میں قانون سازی کیلئے پیش کی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ نے چیف الیکشن کمشنر کی ہدایت پر پارلیمینٹرین کے اثاثوں کی چھان بین کیلئے سفارشات کو حتمی شکل دیدی ہے ذرائع کے مطابق ان سفارشات پر چیف الیکشن کمشنر کی بیرون ملک دورے سے وطن واپسی پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی اور ان کی منظوری کے بعد سفارشات منظوری کیلئے انتخابی اصلاحات کمیٹی میں پیش کی جائیں گی واضح رہے کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی نے اس سے قبل ہونے والے اجلاس میں پارلیمینٹرین کے اثاثوں کی تفصیلات کی ہر سال چھان بین کرنے کی منظوری پہلے ہی دی ہے تاہم چھان بین کرنے کے طریقہ کار بارے میں سفارشات اب تیار کی گئی ہیں ذرائع کے مطابق سفارشات میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ چھان بین الیکشن کمیشن ہی کرے گا اور اس مقصدکیلئے ای سی پی حکام کو جس ادارے کی بھی معاونت کی ضرورت ہو وہ لی جائے گی ذرائع کے مطابق آئین کے آرٹیکل220کے تحت ملک بھر کے تمام ادارے الیکشن کمیشن کو معلومات دینے کے پابند ہیں اور یہ معلومات 24گھنٹوں کے اندر اندر فراہم کی جائیں گی اور موجودہ ترامیم کے بعد الیکشن کمیشن کے اختیارات میں مذید اضافہ ہو جائے گا ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کو اپنے قوانین بنانے کااختیار بھی حاصل ہے اور ان قوانین کو چیف الیکشن کی منظوری کے بعد صدر مملکت کو پیش کیا جاتا ہے جسے آرڈیننس کے زریعے نافذ کیا جا سکتا ہے اذرائع کے مطابق پارلیمینٹرین کے اثاثوں کی چھان کیلئے الیکشن کمیشن کا پولیٹکل فنانس ونگ بحال کیا گیا ہے جو قانون بننے کے بعدپارلیمینیٹرین کے اثاثوں کی چھان بین کا کام شروع کر دے گا