رائے ونڈ ، کرپٹ سرکاری اور غیر سرکاری عناصر نے پنجے گاڑھ دئیے

تبلیغی اجتماع کی آڑ میں تین سڑکوں کی تعمیرومرمت میں کروڑوں روپے کے گھپلے،اہلیان شہر کی نوٹس لینے کی اپیل

پیر 7 نومبر 2016 12:22

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7نومبر۔2016ء)رائے ونڈ میں کرپٹ سرکاری اور غیر سرکاری عناصر نے پنجے گاڑھ دئیے ہیں، تبلیغی اجتماع کی آڑ میں تین سڑکوں کی تعمیرومرمت میں کروڑوں روپے کے گھپلے کئے جارہے ہیں ،رورل ہیلتھ سنٹر کی آرائش و زیبائش میں ناقص میٹریل کا استعمال جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ با ئی پاس پر قائم تعمیر سیرت سکول سے لیکر ایک سڑک بنائی جارہی ہے جو کلے دا کوٹ لاہور روڈ تک پہنچتی ہے، دوسری سڑک للیانی پھاٹک سے شروع ہوکر ریلوے لائن اور بستی امین پورہ سے ہوتی ہوئی قصور روڈ پر جا نکلتی ہے جبکہ تیسری سڑک سندر روڈ پر بالخصوص اجتماع کیلئے بنائی گئی ہے۔

ٹھیکیداروں نے نہ صرف ناقص میٹریل استعمال کیا ہے بلکہ سڑکوں پر بہت کم مقدار میں پتھر ڈالا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دبائی کے اہم کام کی طرف توجہ نہیں دی گئی۔ نہ ہی سڑکیں ہموار کی گئی ہیں۔ پتھر پر بچھائے جانے والے خاکا میں بھی مٹی کی کافی مقدار موجود ہے۔ اور اس پر آناً فاناً واٹر باؤنڈ کرکے کارپٹ کی پتلی سی تہہ بچھا دی گئی ہے۔ کارپٹ میں بھی انتہائی ناقص تارکول استعمال کی گئی ہے۔

دوسری طرف رورل ہیلتھ سنٹر رائے ونڈکی تعمیر و مرمت اورآرائش وزیبائش کیلئے مختص کی گئی کروڑوں روپے کی گرانٹ کو بھی دیدہ دلیری سے برباد کیا جارہا ہے۔ یہاں ٹف ٹائل ریت کی بجائے مٹی پر بچھائی جارہی ہے۔ اور اوپر بھی سیمنٹ کی بجائے مٹی ہی ڈالی جارہی ہے۔ویسے بھی منظور شدہ کی بجائے سستی ٹائل استعمال ہورہی ہے۔ دیواروں پر ٹائلیں لگانے میں بھی نفاست سے کوئی کام نہیں کیا جارہا۔

لگتا ہے کہ رائے ونڈ میں تعمیراتی کاموں کا چیک اینڈ بیلنس کرنے والاکوئی نہیں ہے۔ واضح رہے کہ رائے ونڈوزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف کے آبائی حلقہ پی پی 161کا مرکز ہے ۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ کرپشن کی بہتی گنگا میں تھرڈ پارٹی ادارہ نیسپاک بھی موجیں اُڑا رہا ہے۔ اہل شہر نے حکام سے اپیل کی ہے کہ مذکورہ کاموں کے بل روک کر کام ٹھیک کروائے جائیں اور کرپشن میں ملوث افراد کے ساتھ سخت کارروائی عمل میں لائی جائے

متعلقہ عنوان :