مصری پاوٴنڈ مزید گر گیا،ایک ڈالر 16 کا ہوگیا

پیر 7 نومبر 2016 12:18

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7نومبر۔2016ء) مصری پاوٴنڈ کی قدر میں مزید کمی واقع ہوگئی ہے اور اتوار کو بنکوں میں ایک ڈالر سولہ پاوٴنڈز میں بک رہا تھا۔ مصر کے مرکزی بنک نے تین روز قبل ایک ڈالر کی قیمت 13 پاوٴنڈز مقرر کی تھی لیکن بنک امریکی کرنسی 16 پاوٴنڈز میں فروخت کررہے تھے اور ساڑھے 15 پاوٴنڈز میں خرید کررہے تھے۔ مصر کے مرکزی بنک کی جانب سے جمعرات کو ملکی کرنسی کی قدر میں کمی کے بعد آج پہلا کاروباری دن تھا۔

اس سے پہلے ایک ڈالر 8.8 مصری پاوٴنڈز میں بکتا رہا تھا۔ مصر نے اپنی کرنسی کی قدر میں اڑتالیس فی صد کمی کردی تھی اور اس اعلان کے چند گھنٹے کے بعد ہی مارکیٹ میں ایندھن کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا تھا۔مصری بنک نے یہ اقدام عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مطالبے پر کیا تھا تاکہ اس سے آیندہ تین سال کے دوران ملک کی بیمار معیشت کو سنبھالا دینے کے لیے بارہ ارب ڈالرز کا قرضہ حاصل کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

گذشتہ ہفتے بلیک مارکیٹ میں ایک ڈالر اٹھارہ مصری پاوٴنڈ تک فروخت ہوتا رہا رہا تھا۔یہ پہلے ہی پیشین گوئی کی گئی تھی کہ مصری پاوٴنڈ کی قیمت میں کمی کے بعد روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوجائے گا اور اس سے صدر عبدالفتاح السیسی کی حکومت پر دباوٴ میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ مصر کے مرکزی بنک نے شرح سود میں بھی تین فی صد پوائنٹس کا اضافہ کردیا تھا۔بنک کا کہنا تھا کہ یہ اقدام حکومت کے اصلاحاتی پروگرام کا حصہ ہے اور یہ غیر سرکاری یا کرنسی کی بلیک مارکیٹ کے خاتمے کے لیے کیا گیا ہے۔اس طرح کے اقدامات سے مصری معیشت کو موجودہ درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تقویت ملے گی اور شرح نمو کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :