بہاول پو ر، جلد ملک بھر میں یکساں نصاب تعلیم متعارف کرادیاجائے گا، بلیغ الرحمن

وزیرمملکت برائے فیڈرل ایجوکیشن کا صادق پبلک ہائی سکول میں خطاب

اتوار 6 نومبر 2016 13:50

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6نومبر۔2016ء)وزیرمملکت برائے فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ انجینئر بلیغ الرحمن نے کہاہے کہ صوبوں کی مشاورت سے جلد ہی ملک بھر میں یکساں نصاب تعلیم متعارف کرادیاجائے گا۔گورنمنٹ صادق پبلک ہائی سکول بہاولپور میں آج خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وفاق کی تمام اکائیوں میں یکساں قومی سوچ پیدا کرنے کے لیے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ”قومی نصاب کونسل“کاقیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں صوبوں کی برائے سے یکساں نصاب تعلیم پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہاکہ نصاب میں تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ پہلی جماعت سے پانچویں جماعت تک ملک بھر میں سرکاری اورنجی سکولوں میں قرآن پاک کی ناظرہ تعلیم اور چھٹی سے بارہویں تک قرآن پاک کا ترجمہ نصاب کاحصہ بنایاجارہاہے ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن کوبھی پرائمری کی سطح سے نصاب میں شامل کیاجارہاہے۔انجینئر بلیغ الرحمن نے کہاکہ ملک سے دہشت گردی کاخاتمہ کردیاگیا ہے تاہم انتہاء پسندی کی سوچ کوختم کرنے کے لیے ہمیں اپنی نوجوان نسل کو قرآن پاک کی اصل روح اور تعلیمات سے متعارف کراناہوگا تاکہ دین کے نام پر کوئی ان کو ورغلا نہ سکے اورفساد یا فتنہ انگیزی کی طرف مائل نہ کرسکے۔

قرآن کاترجمہ نصاب کا حصہ بنانے کی وجہ سے یہی حکومتی سوچ ہے جوطالب علم سات سال تک قرآن کا ترجمہ پڑھے گا وہ یقیناً ایک بہتر مسلمان ہوگا۔وزیرمملکت نے کہاکہ تعلیم کابجٹ دوگنا کردیاگیا ہے ۔بجلی کی لوڈشیڈنگ سے طالب علموں کابھی بڑا نقصان ہورہاتھا۔حکومت نے 2013ء کے بعد سے بجلی بحران پر قابوپانے کے لیے انتھک محنت کی ہے جس کے نتیجے میں بجلی بحران میں کمی اورلوڈشیڈنگ دورانیہ کم ہوگیا ہے جبکہ 2018ء تک بجلی بحران ہمیشہ کے لیے ختم ہوجائے گا۔

انہوں نے طالب علموں پر زوردیا کہ وہ کتاب پڑھنے کی عادت کو اپنی زندگی کاحصہ بنالیں ۔ہمارے نبی آقائے دوجہان ﷺ کا فرمان کہ ”ماں کی گود سے قبرتک علم حاصل کرو“پر صحیح طریقے سے عمل کرنے کابھی یہی طریقہ ہے کہ ہم کتاب پڑھنے کو اپنا معمول بنالیں۔وزیرمملکت انجینئر بلیغ الرحمن نے طالب علموں کو کہاکہ اسلام کادہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے ہمیں ایک اچھا مسلمان اور اچھاپاکستانی بننے کے لیے رواداری کوفروغ دینا ہوگا اور انتہاء پسندی کی تمام صورتوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی تقریب میں وزیرتعلیم پنجاب رانا مشہودنے بھی خطاب کیا

متعلقہ عنوان :