ڈسٹرکٹ سیشن جج اسلام آبادنے عمران خان کیخلاف افتخار محمد چوہدری کی جانب سے دائر 20 ارب روپے ہرجانہ کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 26 نومبر تک ملتوی کر دی

اتوار 6 نومبر 2016 13:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6نومبر۔2016ء)ڈسٹرکٹ سیشن جج اسلام آباد کامران بشارت مفتی نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کیخلاف سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی جانب سے دائر 20 ارب روپے ہرجانہ کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 26 نومبر تک ملتوی کر دی ۔ہفتہ کو اسلام آباد کی مقامی عدالت کے ڈسٹرکٹ سیشن جج کامران بشارت مفتی نے عمران خان کیخلاف20 ارب روپے کے ہرجانہ کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے وکیل نے عدالت میں پیش ہو کر استدعا کی کہ عمران خان کے وکیل نے 500 روپے جرمانہ عائد ہونے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں جرمانہ کو چیلنج کر رکھا ہے اس کا فیصلہ آنے کے بعد عدالت کیس کی مزید سماعت کر سکتی ہے۔فاضل جج نے ہرجانہ کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 26 نومبر تک ملتوی کر دی ہے،واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کیخلاف الیکشن میں دھاندلی کا الزام عائد کرنے پر ہرجانہ کا دعوی دائر کر رکھا ہے۔