چینی پائلٹ نے کمال مہارت سے طیارے کو خوفناک حادثے سے بچا لیا

ہفتہ 5 نومبر 2016 11:35

بیجنگ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5نومبر۔2016ء )چائنیز ایئرلائن کے ایک پائلٹ نے گزشتہ دنوں طیارے کو خوفناک حادثے سے کچھ اس طرح بچایا کہ دنیا اس کی مہارت کی گرویدہ ہو گئی۔ مقامی میڈیا کے مطابق ”ہی چ چاؤ“ نامی پائلٹ شنگھائی ایئرپورٹ پر ایئربس اے320کو لے کر اڑان بھرنے کے لیے رن وے پر جا رہا تھا کہ اچانک سامنے ایک اور جہاز آ گیا۔ دونوں جہازوں کے درمیان صرف 19میٹر کا فاصلہ تھا کہ ہی چا نے حاضر دماغی اور مہارت سے کام لیتے ہوئے وہیں سے ٹیک آف کر دیا اور اس کا طیارے سامنے آنے والے جہاز سے چند فٹ کی بلندی سے گزر گیا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق اس طیارے میں 439مسافر سوار تھے جن کی جان ہی چاؤ نے اپنی پیشہ وارانہ مہارت سے بچا لی تھی۔ چائنیز ایئرلائن کی طرف سے ہی چا کو 3لاکھ 60ہزار پاؤنڈ (تقریباً 4کروڑ 70لاکھ 51ہزار روپے) انعام کے طور پر دیئے گئے ہیں۔ہی چاؤکا کہنا تھا کہ جب دوسرا طیارہ میرے سامنے آیا تو میں اپنے جہاز کی رفتار کا اندازہ لگاتے ہوئے سمجھ گیا کہ اسے روکنا ناممکن ہے چنانچہ میں نے اس کی رفتار مزید بڑھاتے ہوئے ٹیک آف کا فیصلہ کیا۔“واقعے کی تحقیقات میں دو ایئرٹریفک کنٹرولز کو ذمہ دار ٹھہرا یا گیا ہے اور ان کے 13افسران کو سزا دی گئی ہے۔