ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد کی عدالت میں قرضے معاف کرانے کا الزام

جہانگیر خان ترین نے وزیراعلی شہباز شریف کیخلاف 30 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا ، سماعت آج ہوگی

جمعہ 4 نومبر 2016 10:42

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4نومبر۔2016ء)پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد کی عدالت میں قرضے معاف کرانے کا الزام عائد کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے خلاف 30 ارب روپے ہرجانے کا دعوی دائر کر دیا جس کی سماعت (آج) جمعہ کو ہو گی ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو جہانگیر خان ترین نے پنجاب کے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے خلاف اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں 30 ارب روپے ہرجانے کا دعوی دائر کر دیا ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے 25 اپریل کو ایک جلسے سے خطاب کے دوران ان پر قرض معاف کرانے کے بے بنیاد الزامات عائد کئے اور جھوٹے الزامات پر معافی مانگنے کی بجائے 26اکتوبر کو پریس کانفرنس میں وہی الزامات دہرائے ۔

بغیر ثبوت بے بنیاد الزامات عائد کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف 30 ارب روپے ہرجانہ ادا کریں۔ جہانگیر خان ترین کے ہرجانے کے دعویٰ پر (آج) جمعہ کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کامران بشارت مفتی سماعت کریں گے ۔