اسحا ق ڈار نے پانامالیکس کے حوالے سے درخواستوں پر سپریم کورٹ میں جواب جمع کروا دیا

کبھی منی لانڈرنگ میں ملوث نہیں رہا:وفاقی وزیر خزانہ

جمعہ 4 نومبر 2016 11:10

اسلا م آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4نومبر۔2016ء )وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاناما لیکس کے حوالے سے درخواستوں پر سپریم کورٹ میں جواب داخل کر دیاہے جس میں انہوں نے کہا کہ کبھی بھی منی لانڈرنگ میں ملوث نہیں رہا ،پرویز مشرف کے دور میں مجھ سے بیان حلفی زبر دستی لکھوایا گیا اور مجھ پر لگائے گئے الزامات کا عدالت فیصلہ دے چکی ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اسحا ق ڈار نے سپریم کورٹ میں جمع کروائے گئے جواب میں کہا ہے کہ درخواست میں میرے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کیے گئے ہیں ،مجھ پر لگائے گئے الزامات کسی متعلقہ فورم پر نہیں اٹھائے گئے ،میرے خلاف چیئرمین سینٹ کو کوئی ریفرنس نہیں بھجوایا گیا۔

ان کا کہناتھا کہ وہ کبھی بھی منی لانڈرنگ میں ملوث نہیں رہے ،درخواست میں میرے مبینہ بیان حلفی کو بنیاد بنایا گیا یہ بیان حلفی پرویز مشرف کے دور میں زبردستی بیان حلفی لکھوایا گیا تھا۔