کراچی، پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس قائم خانی اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما روٴف صدیقی ضمانت پر رہا

جمعرات 3 نومبر 2016 11:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3نومبر۔2016ء) دہشت گردوں کو علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرنے کے الزامات پر پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس قائم خانی اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما روٴف صدیقی ضمانت پر رہا کردیئے گئے ہیں۔ گزشتہ روز سندھ ہائیکورٹ نے دہشت گردوں کو علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرنے کے الزامات پر پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم، پاک سرزمین کے انیس قائم خانی اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما روٴف صدیقی سمیت دیگر کی ضمانتیں منظور کیں تھیں جس پر انیس قائم خانی اور روٴف صدیقی کو سینٹرل جیل کراچی سے رہا کردیا گیا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستار روف صدیقی کو لینے کے لیے سینٹرل جیل پہنچے جہاں سے وہ پی آئی بی کالونی میں قائم ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز پہنچے جہاں روٴف صدیقی کا استقبال اہلِ خانہ سمیت دیگر ایم کیو ایم رہنماوٴں نے کیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال سمیت دیگر رہنما انیس قائم خانی کی رہائی کے بعد انہیں لینے سینٹرل جیل پہنچے جہاں سے انہیں پاکستان ہاوٴس لے جایا گیا۔

واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے دہشت گردوں کی معاونت سے متعلق مقدمے میں ڈاکٹر عاصم حسین، وسیم اختر، انیس قائم خانی، روٴف صدیقی، عبدالقادر پٹیل اور عثمان معظم کو گرفتار کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے انیس قائم خانی اور روف صدیقی کو پاسپورٹ اور5لاکھ روپے ماتحت عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیا گیا تھا جبکہ عدالت نے اس کیس کے تمام ملزمان کو نئے پاسپورٹ جاری کرنے سے روک دیا ہے۔