پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کے کئی سفارت کاروں کا تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا انکشاف

بلبیر سنگھ آئی بی کے کارندوں سے پاکستان میں تخریبی کارروائیاں کروا رہا ہے،راجیش کمار اگنی ہوتری کمرشل قونصلر کے لبادے میں تعینات ”را“ کا کارندہ ہے، رپورٹ

جمعرات 3 نومبر 2016 11:03

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3نومبر۔2016ء ) پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کے کئی سفارت کاروں کا تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ بھارتی سفارتکار پاکستان میں ”را“ اور ” آئی بی “ نیٹ ورک کیلئے کام کررہے ہیں ۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے کئی اہلکار پاکستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث پائے گئے ہیں، جن میں سے ایک سرجیت سنگھ کو گزشتہ ہفتے ملک بدر کردیا گیا تھا تاہم اب مزید دو نام نہاد سفارت کاروں بلبیرسنگھ اور راجیش کماراگنی ہوتری کے بھی اس نیٹ ورک میں شامل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

بلبیر سنگھ بھارتی کمیشن میں فرسٹ سیکرٹری پریس انفارمیشن تعینات ہے جبکہ وہ درحقیقت بھارتی ایجنسی آئی بی کا اہلکار ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ راجیش کمار اگنی ہوتری کمرشل قونصلر کے لبادے میں تعینات ”را“ کا کارندہ ہے۔ بلبیر سنگھ آئی بی کے کارندوں سے پاکستان میں تخریبی کارروائیاں کروا رہا ہے، گزشتہ ہفتے پاکستان سے ملک بدر کیا گیا سفارتی اہلکار سرجیت سنگھ بھی بلبیر سنگھ ہی کے نیٹ ورک کا حصہ تھا، سرجیت سنگھ نے عبدالحفیظ کے نام سے موبائل فون کمپنی کا جعلی کارڈ بھی بنوایا ہوا تھا۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلبیرسنگھ اور راجیش کمار اگنی ہوتری کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک چھوڑنے کا کہا جائے گا، آئندہ کچھ روز کے دوران پاکستان میں دہشت گردی کا نیٹ ورک چلانے والے مزید کئی نام نہاد بھارتی سفارتکاروں کے نام سامنے آئیں گے۔واضح رہے کہ چند ماہ قبل بلوچستان سے ”را“ کا افسر کل بھوشن یادیو پکڑا گیا تھا جسے مسلمان کی حیثیت سے بھارتی پاسپورٹ جاری کیا گیا تھا اور اس کے پاسپورٹ پر ایران کا ویزا تھا۔ کل بھوشن نے اعتراف کیا تھا کہ وہ بھارتی بحریہ کا حاضر سروس افسر ہے اور ”را“ میں کئی برسوں سے خدمات سرانجام دے رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :