کنٹرول لائن پر بھارتی بلا اشتعال فائرنگ اور ہلاکتیں ، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی،شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا

بھارت نے رواں سال کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر 178مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کی، 19شہری شہید اور 80زخمی ہوئے اقوام متحدہ مبصر گروپ کا کوٹلی کے قریب لائن آف کنٹرول کا دورہ ، آبادی پر بھارتی فائرنگ سے متاثرہ شہریوں سے ملاقاتیں،معلومات حاصل کیں

بدھ 2 نومبر 2016 11:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2نومبر۔2016ء)پاکستان نے بھارتی فورسز کی جانب سے کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ اور معصوم شہریوں کی ہلاکت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایاہے ۔دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جند روٹ اور تکیال سیکٹر ز پر بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بلا اشتعال انگیز فائرنگ سے چار شہریوں کی شہاد ت ہوئی ہے ۔

اس واقعہ پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کیا گیا ہے انہیں بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بلا اشتعال انگیز فائرنگ اور گولہ باری پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ، واضح رہے لائن آف کنٹرول پر کئی ہفتوں سے بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بھارت کی جانب سے رواں سال کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر 178مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی ہے جس میں 19شہری شہید اور 80زخمی ہوئے ہیں ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے کے ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کے ایک مبصر گروپ نے گزشتہ روز کوٹلی کے قریب لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اور بھارت کی جانب سے ایل او سی کے نزدیکی آبادی والے مقامات پر فائرنگ سے متاثرہ شہریوں سے ملاقاتیں کیں اور موقع پر معلومات حاصل کیں، اقوام متحدہ مبصرین نے کوٹلی ہسپتال میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کی عیادت کی ۔

اس موقع پر بریگیڈ کمانڈر بھی ان کے ہمراہ تھے جب کہ مبصرین کو ایم ایس نے بریفنگ بھی دی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے میز فائر کی 178بار خلاف ورزی کی، بھارتی فوج کی فائرنگ سے 19شہری شہید اور 80زخمی ہوئے، رواں سال11شہری شہید اور 29زخمی ہوئے جبکہ سیالکوٹ شکر گڑھ سیکٹر میں فائرنگ سے 8شہری شہید اور21زخمی ہوئے۔