احتجاج کی کامیابی پر تمام کارکنان (آج) پریڈ گراؤنڈ پہنچیں اور جشن منائیں ، ظالموں کا سورج غروب ہو رہاہے ، پرویز خٹک دیگر رہنماؤں کے ساتھ 10 گھنٹے آنسو گیس برداشت کرتے رہے ان کو خراج تحسین پیش کریں گے

پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان کی پریڈ گراؤنڈ پر جلسے کیلئے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو

بدھ 2 نومبر 2016 11:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2نومبر۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ احتجاج کی کامیابی پر تمام کارکنان (آج) پریڈ گراؤنڈ پہنچیں اور جشن منائیں ، ظالموں کا سورج غروب ہو رہاہے ، پرویز خٹک دیگر رہنماؤں کے ساتھ 10 گھنٹے آنسو گیس برداشت کرتے رہے ان کو خراج تحسین پیش کریں گے ۔ وہ منگل کو پریڈ گراؤنڈ پر جلسے کیلئے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ اللہ نے ہمارا احتجاج کامیاب کیا اور ہمیں بہت بڑی کامیابی دی ہے۔ جب عوام حکمرانوں کے خلاف سڑکوں پر نکلتے ہیں تو ضرور کوئی مثبت نتیجہ سامنے آتا ہے ۔ ہم جو انقلاب لانا چاہتے تھے اس کی شروعات ہو گئی ہے ۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ چند روز میں معلوم ہو جائے گا کہ ہماری کتنی بڑی جیت ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

اب ظالموں کا سورج غروب ہونے والا ہے اور پاکستان میں ایک نئی صبح طلوع ہورہی ہے ۔

کل کے جلسے میں شرکت کے لئے پوری پاکستان کے عوام کو دعوت دیتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ شیلنگ برداشت کرنے والے کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ احتجاج کی کامیابی پر تمام کارکنان (کل) جشن منانے پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد پہنچیں ۔ پرویز خٹک و دیگر رہنما نے (کل )10 گھنٹے تک پولیس کی جانب سے فائر ہونے والی آنسو گیس برداشت کی ان کو خراج تحسین پیش کریں گے ۔