راولپنڈی میں آنسو گیس کے شیل کا ذخیرہ انتہائی محدود رہ گیا

ضلعی پولیس نے حکومت پنجاب کو آگاہ کرتے ہوئے آنسو گیس کے شیلوں کا مزید ذخیرہ طلب کرلیا

منگل 1 نومبر 2016 11:43

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1نومبر۔2016ء)خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور صوبائی کابینہ کی قیادت میں آنے والے بڑے قافلے کو موٹر وے پرروکنے کے لئے بڑی تعداد میں آنسو گیس کے شیل استعمال کئے جانے کے بعد راولپنڈی میں آنسو گیس کے شیل کا ذخیرہ انتہائی محدود رہ گیا جس کے لئے ضلعی پولیس نے حکومت پنجاب کو آگاہ کرتے ہوئے آنسو گیس کے شیلوں کا مزید ذخیرہ طلب کر لیا ہے ذرائع کے مطابق صوابی ، ہارون آباداور برہان انٹرچینج پر اسلام آباد دھرنے کے شرکا اور پولیس کے درمیان تصادم کے دوران اندھا دھند آنسو گیس استعمال کی گئی نجس کے لئے راولپنڈی سے مزید شیل منگوائے گئے جس سے راولپنڈی پولیس کے پاس اندرونی استعمال کے لئے آنسو گیس کا ذخیرہ کم پڑ گیا ہے جس پر راولپنڈی پولیس نے ممکنہ حالات سے نبرد آزما ہونے کے لئے مزید ذخیرہ طلب کر لیا ہے اس ضمن میں یہ کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخواہ سے آنے والے قافلے کی مسلسل پیش قدمی اور پولیس کی جانب سے روکنے کے باعث قافلے کے شرکا مختلف ٹولیوں کی صورت میں مختلف راستوں سے اسلام آباد داخل ہونے کی کوشش کریں گے جنہیں روکنے کے لئے آنسو گیس کی بھاری مقدار ضرورت پڑنے کا امکان ہے ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا ء اللہ کی جانب سے پولیس کی جانب سے فائرنگ نہ کرنے کے اعلان کے بعد راولپنڈی پولیس کو مکمل طور پر غیر مسلح کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔