وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کا شکرگڑھ کا دورہ،قالین بچھانے پر ڈی سی او ناروال کی سرزنش اورسخت برہمی کااظہا ر

اتوار 30 اکتوبر 2016 13:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30اکتوبر۔2016ء) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اپنے شکرگڑھ کے دورے کے دوران ورکنگ باوٴنڈری پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے شہریوں کے لواحقین سے ملاقات کی۔انہوں نے تقریب میں قالین بچھانے ڈی سی او ناروال کی سرزنش کی اور سخت برہمی کا اظہار کیا۔انہوں نے قالین کو فوری ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی اوریکجہتی کے لئے آیا ہوں اس طرح کے انتظامات کسی طورپر بھی مناسب نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ واضح ہدایات دے چکے ہیں کہ صوبہ بھر میں ان کے دوروں کے دوران تقریبات میں سادگی کو ہر قیمت پر ملحوظ خاطر رکھاجائے،قالین ہر گز نہ بچھائے جائیں اورغیر ضروری اخراجات سے ہر قیمت پراجتناب کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ ان ہدایات کونظر انداز کیا گیا تومتعلقہ افسران کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے شہداء کے درجات کی بلندی،زخمیوں کی جلد صحت یابی اورملک کی ترقی ،خوشحالی اورسلامت کیلئے بھی دعا کی۔