کراچی ، ناظم آباد میں دہشت گردوں کی فائرنگ،5 افراد جاں بحق،خواتین سمیت متعدد افراد زخمی

وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس ، آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ سے فون پر گفتگو، رپورٹ طلب

اتوار 30 اکتوبر 2016 13:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30اکتوبر۔2016ء) کراچی کے علاقے ناظم آباد چار نمبر میں دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں5 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ خواتین سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہفتہ کی شام ناظم آباد نمبر چار کے علاقے میں مجلس عزا جاری تھی کہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کردی، فائرنگ سے پانچ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد وہاں موجود لوگوں نے زخمیوں اور لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، زخمیوں میں ایک خاتون بھی شامل ہیں جس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا لگتا ہے تاہم ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے بتایا کہ اس مجلس کی پولیس کو کوئی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔عینی شاہدین کے مطابق دو موٹر سائیکل سواروں پر سوار چار دہشت گرد مجلس کے ٹینٹ میں داخل ہوئے اور اطمینان کے ساتھ اندھا دھند فائرنگ کر نے کے بعد فرار ہو گئے۔عباسی شہید ہسپتال نے پانچ لاشیں لائے جانے کی تصدیق کی ہے ۔پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے حملے کیلئے نائن ایم ایم کا استعمال کیا اور مجلس میں خواتین کو نشانہ بنایا گیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرنے کے ساتھ ساتھ اور ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔یہ رواں ماہ کے دوران کسی مجلس کو نشانہ بنائے جانے کا پہلا واقعہ نہیں بلکہ اس سے قبل 18 اکتوبر کو لیاقت آباد کے علاقے ایف سی ایریا میں مجلس پر دستی بم حملہ کیا گیا تھا جس میں ایک بچہ جاں بحق اور آٹھ افراد زخمی ہو گئے تھے۔

واضح رواں سال جولائی میں کراچی میں فائرنگ کے نتیجے میں امام مسجد جاں بحق ہوئے تھے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ناظم آباد 4نمبر پر فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پرعلاقے کی ناکہ بندی کریں اور قاتلوں کو گرفتار کریں،انہوں نے کہا کہ اس واقعے کی فوری کارروائی کریں اور مجھے رپورٹ پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ یہ کون سے دہشتگرد ہیں جو موٹرسائیکل پر سوار ہوکر لوگوں کو قتل کر رہے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔