حوثی باغیوں کی جانب سے فائر کیا جانے والا بیلسٹک میزائل مکہ کے قریب مار گرایا ہے ، سعودی اتحاد کا دعویٰ

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 11:14

ریاض( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29اکتوبر۔2016ء ) سعودی اتحاد کا کہنا ہے کہ یمنی باغیوں کی جانب سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ایک بیلسٹک میزائل کو مکہ کے قریب مار گرایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی اتحاد کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا، 'حوثی باغیوں نے یمن کے صوبہ سادا سے 'مکہ کی طرف' ایک میزائل فائر کیا۔'مزید کہا گیا کہ 'دفاعی کارروائی میں حوثی باغیوں کے میزائل کو مکہ سے 65 کلومیٹر (40 میل) دور بغیر کسی نقصان کے مار گرایا گیا'۔

دوسری جانب حوثی باغیوں کی جانب سے بتایا گیا کہ ان کی جانب سے مکہ کے مغرب میں واقع کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی طرف میزائل داغا گیا۔واضح رہے کہ مکہ مکرمہ یمن کی سرحد سے 500 کلومیٹر (300 میل سے زائد) سے زائد فاصلے پر واقع ہے۔

(جاری ہے)

سعودی عرب نے باغیوں کی جانب سے فائر کیے جانے والے میزائلوں کو روکنے کے لیے پیٹریوٹ میزائل نصب کر رکھے ہیں۔

رواں ماہ میں یہ دوسری مرتبہ ہے جب یمنی باغیوں کی جانب سے طویل فاصلے تک مار کرنے والا میزائل داغا گیا۔اس سے قبل 9 اکتوبر کو بھی سعودی اتحاد کی جانب سے کہا گیا تھا کہ انھوں نے حوثی باغیوں کی جانب سے فائر کیے گئے میزائل کو طائف کے قریب مار گرایا تھا۔حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر ایک ایسے وقت میں میزائل داغا گیا جب 9 اکتوبر کو یمن کے دارالحکومت صنعاء میں ’سعودی اتحاد‘ کی جنازہ ہال میں کی گئی فضائی بمباری کے نتیجے میں 140 سے زائد افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔بمباری کا نشانہ بننے والے ہال میں حوثیوں کے ممتاز مقامی عہدیدار کے والد کے جنازے کے لیے سیکڑوں افراد موجود تھے اور باغیوں نے اس حملے کا الزام عرب اتحاد پر لگایا۔

متعلقہ عنوان :