بھارتی سیکورٹی فورسز کی سیالکوٹ ورکنگ باونڈری لائن کے قریب چپراڑ سیکٹر پر بلااشتعا ل فائرنگ اور گولہ باری

سرحدی علاقوں کے رہائشیوں کے زخمی ہو نے کی اطلاعات

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 11:39

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29اکتوبر۔2016ء)بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے سیالکوٹ ورکنگ باونڈری لائن کے قریب واقع چپراڑ سیکٹر پر جمعہ کے روز بھی بلااشتعا ل فائرنگ اور گولہ باری کی جس سے سرحدی علاقوں کے رہائشیوں کے زخمی ہو نے کی اطلاع ہے۔ جمعتہ المبارک کے روز بھی بی ایس ایف نے سیالکوٹ ورکنگ باونڈری لائن کے چپراڑ سیکٹر کے گاؤں رنگپورجٹاں، پنوال،نندپور کی آبادی کو نشانہ بنایا اور بلاشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس سے رہائشیوں کے زخمی ہو نے کی اطلاع ہے۔

پاکستان پنجاب رینجرز بھارتی بی ایس ایف کی فائرنگ کا موثر جواب دے رہیں ہے۔ فائرنگ اور گولہ باری سے مویشیوں کی ہلاکت او ر املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے اور سیالکوٹ ورکنگ باونڈری لائن سے ملحقہ علاقوں کے رہائشی مال و مویشیوں سمیت ہجرت کرنے پر مجبور ہیں جبکہ سرحدی علاقوں کے بچوں کا تعلیمی حرج بھی ہو ررہا ہے۔

(جاری ہے)

سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری سے ملحقہ علاقے بجوات ، چپراڑ، ہرپال، سچیت گڑھ، باجڑہ گڑھی، معراجکے اور چارواہ سیکٹروں میں سیالکوٹ کے سرحدی دیہات پر بھارتی سیکورٹی فورسز کی بلا اشتعال مسلسل گولہ باری کے باعث تمام سرکاری و نجی اسکول گزشتہ پانچ روز سے مسلسل بند ہیں۔

دریں اثناء ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل کا کہنا ہے کہ بھارتی گولہ باری کے باعث سیالکوٹ کے سرحدی دیہات میں مقیم لوگ اب محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔ موجودہ تشویشناک سنگین صورتحال میں ان اسکولوں میں درس و تدریس کا عمل جاری رکھنا ممکن نہیں۔ اس لئے سیالکوٹ کے سرحدی دیہات میں واقع تمام اسکول بند ہیں۔ گزشتہ روز بھی بھارتی سیکورٹی فورسز کی طرف سے داغے گئے متعدد مارٹر گولے گورنمنٹ بوائز، گرلز ہائی سکول چارواہ میں آ کر گرے تھے۔

جس سے اسکول کی متعدد دیواروں ، کلاس رومز کی چھتوں کو شدید نقصان پہنچا تھا۔دریں اثناء مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے رانا لیاقت علی کا ورکنگ باونڈری کے قریبی گاؤں جروال ،کھنور ،نکھنال کا دورہ ۔دورہ کے دوران رانا لیاقت علی نے بھارتی جارحیت سے تباہ شدہ لوگوں کے گھروں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر رانا لیاقت علی نے متاثرین سے ملاقات کی اور اُن کو یقین دلایا کہ اُن کے جانی و مالی نقصان کا پورا ازالہ کیا جائے گا۔انہوں نے متاثرین سے اپیل کی کہ جب تک سیز فائر کا حکم نہیں ہوتا اس وقت تک آپ لوگ محفوظ جگہوں پر چلے جائیں۔ اس موقع پر رانا شہزاد احمد، ملک عادل اسحاق،چےئرمین ملک اختر عباس چاند، چےئرمین رانا افتخار علی،سیف اللہ بسراء بھی ان کے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :