شادی کی تقریب میں پالتو بندر نے سینکڑوں مہمانوں کو تگنی کا ناچ نچا دیا

بندر کے کاٹنے سے زخمی ہونے والی عورت تھانے پہنچ گئی، پولیس نے مقدمہ درج کرکے بندر کے مالک کو گرفتار کر لیا

جمعرات 27 اکتوبر 2016 11:16

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن لائن۔27اکتوبر۔2016ء ) شادی کی تقریب میں پالتو بندر نے سینکڑوں مہمانوں کو تگنی کا ناچ نچا دیا، بندر کے کاٹنے سے زخمی ہونے والی عورت تھانے پہنچ گئی، پولیس نے مقدمہ درج کرکے بندر کے مالک کو گرفتار کر لیا، تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے تھانہ کورال کے علاقے ترامڑی میں پالتو بندر رات کے اوقات میں رسی توڑا کر بھاگ گیا، پڑوس میں ہونے والی شادی کی تقریب میں بندر کے گھس جانے کے باعث خواتین اور بچے ڈر کر بھاگنے لگ گئے جس سے تقریب میں بھگڈڑ مچ گئی، چند منچلوں نے بندر سے چھڑ چھاڑ کی تو بندر نے غصے میں شادی میں آئے مہمانوں پر حملہ کرنا شروع کر دیئے اسی دوران ایک بوڑھی عورت بندر کے کاٹنے کے باعث شدید زخمی ہو گئی، زخمی عورت نے تھانہ کورال میں بندر کے مالک زاہد محمود ولد محمد صدیق فضل کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا، پولیس نے بندر کے مالک کو گرفتار کر لیا، جس پر زاہد محمود نے پولیس کو بتایا کہ وہ بندر اس کا نہیں بلکہ اسکے ملازم کا ہے مجھے خواہ مخواہ مقدمہ میں پھنسایا جا رہا ہے اور بندر رسی توڑاکر بھاگا ہے اسے کسی نے جان بوجھ کر نہیں کھولا تھا، پولیس نے زاہد محمود کو گزشتہ روز عدالت میں پیش کر دیا جہاں زاہد محمود نے عدالت سے اپنی ضمانت حاصل کر لی۔

متعلقہ عنوان :