لاہور ہائیکورٹ نے قانون کی ڈگری کے لئے عمر کی حد ختم کر دی

منگل 25 اکتوبر 2016 11:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25اکتوبر۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی فُل بنچ نے قانون کی ڈگری کے لئے عمر کی حد ختم کر دی۔فاضل عدالت نے تین سالہ اور پانچ سالہ ایل ایل بی پروگرام جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار زین علی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ آئین کے تحت ہر شہری کو تعلیم کے حصول کاحق حاصل ہے۔

(جاری ہے)

اسلامی تعلیمات کی رو سے بھی علم کی فضیلت کو کم نہیں کیا جا سکتا نہ ہی ریاست کے کسی بھی شہری کو تعلیم سے دور رکھا جا سکتا ہے.انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی نے ایل ایل بی کی ڈگری کے حصول کے لئے عمر کی زیادہ سے زیادہ حد چوبیس برس مقرر کی ہے جس کی وجہ سے زائد عمر کے طالبعلموں پر قانون کی ڈگری کے دروازے بند کر دئیے گئے ہیں۔پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ایل ایل بی کے لئے پانچ سالہ پروگرام لازم قرار دینے کی شرط کو ختم کر دیا گیا ہے۔جس پرعدالت نے قانون کی ڈگری کے لئے عمر کی حد ختم کرتے ہوئے تین سالہ اور پانچ سالہ ایل ایل بی پروگرام جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔

متعلقہ عنوان :