تحریک انصاف کے دھرنے پر کریک ڈاؤن کیلئے تھانوں کو احکامات جاری

تمام تھانوں کے ایس ایچ او ز کو کم از کم پانچ سیاسی رہنماؤں کی نظر بندی یا گرفتاری پر خفیہ مقام پر رکھنے کے لیے بندوبست کرنے کا حکم،ذرائع

منگل 25 اکتوبر 2016 11:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25اکتوبر۔2016ء)وفاقی پولیس نے پانامہ لیکس کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے پر کریک ڈاؤن کرنے کیلئے تھانوں کو احکامات دیدئیے ہیں۔تمام تھانوں کے ایس ایچ او ز کو کم از کم پانچ سیاسی رہنماؤں کی نظر بندی یا گرفتاری پر خفیہ مقام پر رکھنے کے لیے بندوبست کرنے کا حکم دیدیا گیا ہے ۔خبر رساں ادارے کو پولیس ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وفاقی پولیس نے اعلیٰ حکام کی جانب سے دیے جانے والے احکامات کو عملی جامعہ پہنانے کے لیے تیاری شروع کر دی ہے جس کے پیش نظروفاقی دارالحکومت کے کل 22تھانوں کے ایس ایچ اوز کو سرکاری طور پر اگاہ کر دیا گیا ہے کہ ہر تھانے کا ایس ایچ او پانچ وی آئی پیز رہنماؤں کی رہائش کا بندوبست کرے وہ بھی ایسا مقام ہو جہاں کسی کارکن کو خبر نہ ہو۔

(جاری ہے)

تھانہ شالیمار،کورال،کوہسار،بنی گالا،وویمن،سیکرٹریٹ ،کھنہ،شہزاد ٹاؤن، نون، مارگلہ، ترنول، سہالہ، لوہی بھیر،سبزی منڈی،رمنا،کہوٹہ،گولڑہ،کراچی کمپنی،و دیگر تھانوں کے ایس ایچ اوز نے خفیہ مقامات پر پرائیویٹ گھر لینے کیلئے کوششیں شروع کر دی ہیں ،غوری ٹاؤن ،بھارہ کہو،ترنول،بنی گالا،شہزاد ٹاؤن ،کھنہ کے علاقے میں وفاقی پولیس کی جانب سے متعد د گھر لے لیے ہیں اور انہوں نے رپورٹ بھی اپنے اعلیٰ حکام کو دیدی ہے ۔

اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں کم از کم سو اور 150ایسی سیاسی اہم شخصیات کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر رکھا جائے گا جہاں کسی کو خبر تک نہ ہو گی ۔وفاقی پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کے یو سی چیئرمینوں کو بھی گرفتار کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جو کہ یکم نومبر سے رات کو کریک ڈاؤن شروع ہو جائے گا۔راولپنڈی میں پاکستان تحریک انصاف کی اہم شخصیات اور یو سی چیئرمینوں کی گرفتاری کے لیے بھی ایک پلان تشکیل دید یا گیا ہے اور اس پلان میں عوامی مسلم لیگ کے بانی شیخ رشید کی نظر بندی بھی شامل ہے ،معلومات کے مطابق تمام سیاسی رہنماؤں کو انکی رہائشگاہوں پر نظر بند نہیں کیا جائے گا بلکہ انہیں گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :