اضاخیل اجتماع میں مظفر سید ایڈوکیٹ کی اپیل پر اہل دیر پائیں نے سب سے زیادہ چندہ دیا

پیر 24 اکتوبر 2016 10:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24اکتوبر۔2016ء)اضاخیل اجتماع میں جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے اپنے خطاب کے آخر میں کارکنوں سے اجتماع کے اخراجات فوری پورے کرنے کیلئے چندے کی اپیل کی تو خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے بھی اپنے حلقہ نیابت دیر پائیں کے لوگوں کے پاس پہنچ کر چندہ مہم کامیاب بنانے کی درخواست کی جس پر اکثر افراد نے اپنی جیبیں خالی کرنا شروع کیں پنڈال میں موجود تیمرگرہ کے ایک تاجر نے گیارہ لاکھ چندہ دیا جبکہ ایک دکاندار نے ڈیڑھ لاکھ کا چندہ جمع کرتے ہوئے بتایا کہ انکے پاس یہی جمع پونجی تھی مگر اللہ کی راہ اور اسلامی انقلاب کے عظیم مشن میں یہ معمولی رقم تو کیا جان کی قربانی دینے کو بھی تیار ہیں دیر پائیں کے پنڈال میں مجموعی طور پر 55لاکھ دس ہزار روپے چندہ جمع ہوا۔