پنجاب سے کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کا مکمل صفایا کردیا، انسداد دہشت گردی فورس

صوبے میں نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد سے دہشت گردی کی کارروائیوں میں 71فیصد کمی آئی، 107دہشت گرد ہلاک ،297گرفتار اور55 کو جیل بھیجا گیا ،اعداد وشمار

اتوار 23 اکتوبر 2016 13:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23اکتوبر۔2016ء)محکمہ انسداد دہشت گردی فورس نے دعویٰ کیاہے کہ پنجاب سے کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کا مکمل طور پر خاتمہ کردیا گیا ہے ،صوبے بھر میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بہت سی کارروائیاں کی گئیں جس سے پنجاب میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں 71فیصد کمی آئی ہے۔سی ٹی ڈی حکام کی جانب سے پیش کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق مختلف کارروائیوں میں 107دہشت گرد ہلاک ،297گرفتار اور55دہشت گردوں کو جیل بھیجا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مفصل کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیم کے 125عہدیداروں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔حساس اداروں کے ساتھ سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کر کے 101کلو گرام دھماکہ خیز مواد ،پانچ خود کش جیکٹس ،35گرنیڈ ،2سو سے زائد ڈیٹو نیٹر ،15راکٹ لانچر اور 21کلاشنکوفیں برآمد کی ہیں۔سی ٹی ڈی حکام نے انکشاف کیا کہ مختلف کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 650کارکنوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ ان تنظیموں کی مالی امداد کرنے والے 123افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔