ایم کیو ایم لندن کے رہنماؤں، عبوری رابطہ کمیٹی کے رکن کراچی پریس کلب سے گرفتار ،پریس کانفرنس ملتوی کردی گئی

ایم کیوایم لندن کے کسی رہنما کی حالیہ دنوں رینجرز کے ہاتھوں یہ سب سے بڑی گرفتاری ہے رابطہ کمیٹی ارکان کو بلا جواز پکڑا گیا ہے، رینجرز اہلکار پرائیوٹ گاڑیوں میں ہمارے ساتھیوں کو بٹھا کر لے کر گئے، واسع جلیل

اتوار 23 اکتوبر 2016 13:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23اکتوبر۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ لندن کے رہنماؤں اور عبوری رابطہ کمیٹی کے رکن حسن ظفر عارف اور کنورخالد یونس کو ہفتہ کے روز کراچی پریس کلب کے باہر سے رینجرزنے حراست میں لے لیا جس کے بعد پریس کانفرنس کے لئے آنیوالے رابطہ کمیٹی لندن کے رکن امجداللہ نے پریس کانفرنس ملتوی کر دی ۔تفصیلات کے مطابقایم کیو ایم لندن کے رہنما حسن ظفر عارف پریس کانفرنس کیلئے پریس کلب پہنچے تھے اس موقع پر رینجرز کی بھاری نفری وہاں تعینات تھی۔

حسن ظفر نے پریس کلب کے دوسرے گیٹ سے پریس کلب کی عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی اس دوران رینجرز کے اہلکار دوسرے دروازے پر پہنچ گئے اور انھوں نے حسن ظفر عارف کو حراست میں لے لیا۔حسن ظفر کو حراست میں لے کررینجرز نے موبائل میں بیٹھا کرمیٹھارام ہاسٹل منتقل کردیا۔

(جاری ہے)

اس کے بعد رینجرز نے ایم کیوایم کے سینئر رہنما کنور خالدیونس کو بھی حراست میں لے لیا۔

ایم کیوایم لندن کے دیگر رہنما پریس کلب کے اندر ہی موجود تھے۔ دو اہم رہنماوٴں کی گرفتاری کے بعد جبکہ ایم کیو ایم لندن کے رہنماء امجد اللہ نے پریس کانفرنس ملتوی کرنے کا اعلان کیا ۔ ایم کیوایم لندن کے کسی رہنما کی حالیہ دنوں میں یہ سب سے بڑی گرفتاری ہے ۔دوسری جانب ایم کیو ایم لندن کے رہنما واسع جلیل نیکراچی میں رینجرز کے ہاتھوں زیر حراست رہنماوٴں سے متعلق رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ رابطہ کمیٹی ارکان کو بلا جواز پکڑا گیا ہے، رینجرز اہلکار پرائیوٹ گاڑیوں میں ہمارے ساتھیوں کو بٹھا کر لے کر گئے۔

واسع جلیل کا کہنا تھا متحدہ لندن کیلئے مشکل حالات بنائے جا رہے ہیں، میں جلد پاکستان آوٴں گا اور صورت حال کا جائزہ لوں گا، ہم واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں، وزیراعظم واقعہ کا فوری نوٹس لیں۔ان کا کہنا تھا کہ آج کی پریس کانفرنس اس لیے اہم تھی کہ کئی وکلا اور نئے لوگوں کی آج شمولیت کا اعلان کرنا تھی۔