سندھ حکومت نے صوبے میں نوکریاں فراہم کرنے کیلئے ویب سائٹ متعارف کروا دی

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 10:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22اکتوبر۔2016ء) سندھ حکومت نے صوبے میں نوکریاں فراہم کرنے کیلئے ویب سائٹ متعارف کروا دی ہے، جس کے لیے نام بھی سندھ روز گار رکھا گیا ہے۔ سندھ روزگار ویب سائٹ متعارف کروانے کا مقصد تمام سرکاری نوکریوں کی تفصیلات شہریوں کو براہ راست فراہم کرنا ہے۔حکومت کی جانب سے ویب سائٹ کا اجراء تو ہو گیا ہے تاہم اس پر فی الوقت کوئی بھی نوکری مشتہر نہیں کی گئی۔

شہریوں کے لیے ویب سائٹ کو آسان بنانے کے لیے اس کو انگریزی، اردو اور سندھی زبان میں رکھا گیا۔زیادہ سے زیادہ افراد تک نوکریوں کو پہنچانے کے لیے سندھ روزگار کے فیس بک اور ٹوئٹر پر بھی اکاوٴنٹ بنائے گئے ہیں۔واضح رہے کہ سندھ حکومت نے تمام وزارتوں کو فوری طور پر 90 ہزار آسامیوں کے اشتہارات جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے اس عمل کو 3 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق ’تمام قسم کی ابتدائی بھرتیوں‘ پر سے پابندی ہٹانے کے چند ہفتوں بعد سندھ حکومت کی طرف سے وزارتوں کو 90 ہزار سے زائد آسامیوں پر بھرتی کے لیے اشتہارات جاری کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔گریڈ ایک سے 15 تک کی ان آسامیوں پر بھرتی کے لیے 3 ماہ کا دورانیہ فراہم کیا گیا ہے، ساتھ ہی افسران کو میرٹ کا خیال رکھنے کے حوالے سے بھی خبردار کردیا گیا ہے، دوسری صورت میں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

یاد رہے کہ گذشتہ سال اگست 2015 میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے جاری کردہ زبانی احکامات کے بعد تمام محکموں میں بھرتیوں پر پابندی عائد کردی گئی تھی، اس پابندی کی وجہ سے بیشتر وزارتیں مسائل کا شکار تھیں۔ان 90 ہزار آسامیوں میں سے نصف یعنی تقریباً 42 ہزار 8 سو آسامیاں وزارت داخلہ میں ہیں جبکہ ساڑھے 26 ہزار سے زائد آسامیاں شعبہ تعلیم میں سامنے آئی ہیں۔یاد رہے کہ رواں برس جون میں اْس وقت کے وزیر خزانہ اور موجودہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ 683 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا تھا جبکہ اس بجٹ میں بھی 25 ہزار افراد کو روزگار فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :