متحدہ عرب امارات کے وکیل نے اوباما کو ملازمت کی انوکھی آفر دے ڈالی

آپ نے ہارورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کررکھی ہے ، وکالت میں تجربہ کے باعث میں آپ کو اپنی لاء فرم میں ملازمت کی پیش کش کرتا ہوں ، عیسی بن حیدر

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 10:57

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22اکتوبر۔2016ء) متحدہ عرب امارات میں ایک وکیل نے اوباما کو ملازمت کی انوکھی آفر دے ڈالی، امریکی صدر باراک اوباما کی مدت ختم ہونے میں کچھ دن ہی رہ گئے ہیں اور اوباما آخری ملاقاتوں میں مصروف ہیں۔دبئی کی ایک بڑی لاء فرم کے مالک عیسیٰ بن حیدر نے اپنے ایک ٹویٹ اوباما کو ملازمت کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ آپ نے 1991 میں ہارورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کی تھی اور وکالت کا کافی تجربہ رکھتے ہیں لہذا میں آپ کو اپنے دفتر میں ملازمت کی پیش کش کر رہا ہوں۔

عیسیٰ بن حیدر نے واضح کیا کہ اس پیش کش میں تنخواہ، رہائش اور عرب ملکوں کے سفر کے فضائی ٹکٹ شامل ہیں۔انھوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آپ کو میری پیشکش کچھ عجیب لگے گی مگر اس سے آپ کو مسلمانوں کو جاننے کا زیادہ موقع ملے گا کیونکہ امریکا میں کچھ لوگ ایسے ہیں، جو عرب ممالک کے بارے تعصبات رکھتے ہیں لیکن امریکہ نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

حیدر نے کہا کہ یہ ایک سنجیدہ پیشکش ہے اور امید ہے کے اوباما اس پر غور کریں گے، وہ اپنی لاء فرم کے لیے ایسا امیدوار چاہتے ہیں جو سیاستدان بھی ہو اور سابق صدر بھی۔واضح رہے کہ اس سے قبل 2011 میں سابق امریکی صدر بل کلنٹن نے متحدہ عرب امارات میں لیکچرز کے ذریعے تقریبا 6 ملین ڈالر کمائے تھے۔