ریاض اوردمام میں پھنسے220 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 11:13

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22اکتوبر۔2016ء)سعودی عرب میں مختلف تعمیراتی کمپنیوں سمیت 27پرائیوٹ کمپنیوں کے کنٹریکٹ منسوخ ہونے اورمالی خسارے کے نام پر کمپنیوں سے نکالے جانے کے بعد ایک سال سے فاقہ کشی اور کسمپرسی کی زندگی گزارنے کے بعد ریاض اوردمام میں پھنسے220 پاکستانی جمعہ کے روز وطن واپس پہنچ گئے ان پاکستانیوں کی واپسی نجی ائر لائن کی پرواز ایس وی 722کے ذریعے جمعہ کی رات ہوئی بے نظیر انٹرنیشنل ائر پورٹ پہنچنے پر مذکورہ پاکستانیوں کو ضابطے کی کاروائی مکمل ہونے کے بعد گھروں کو جانے کی اجازت دی گئی وطن واپس پہنچنے والے پاکستانی ائر پورٹ پر پہنچتے ہی سجدے میں گر گئے سعودی عرب سے واپس وطن واپس آنے والے بعض پاکستانیوں کا کہنا تھاکہ بن لادن کا کنٹریکٹ ختم ہونے اور مالی خسارے کے نام پر بندہونے والی بعض کمپنیوں کے متاثرہ سینکڑوں پاکستانی ایک سال سے وہاں کیمپوں اور کنٹینروں میں کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال حج کے موقع پر کرین گرنے اور حاجیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کے بعد سعودی حکومت نے بن لاد ن کنسٹرکشن کمپنی کا کنٹریکٹ منسوخ کر دیا جس سے اس کمپنی میں کام کرنے والے سینکڑوں پاکستانیوں کے واجبات بھی رک گئے اسی طرح بعض کمپنیوں کا خسارہ ظاہر کر کے یہاں بھی پاکستانیوں کی تنخواہیں روکنے کے بعدانہیں کمپنیوں کے کفیلوں نے نکال دیا بیشتر پاکستانیوں کے واجبات کے ساتھ پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات بھی کمپنیوں کے کفیل اپنے پاس دبا کر بیٹھے ہیں انہوں نے کہا کہ واجبات ،پاسپورٹ اور دستاویزات کی واپسی کے لئے جب بھی سعودی حکومت یا پولیس سے رابطہ کیا تو یہ کہہ کر صاف انکار کر دیا جاتا کہ ہم خارجیوں کے لئے اپنے شہریوں کے خلاف کاروائی نہیں کر سکتے انہوں نے کہا وہاں اب ایسے پاکستانی موجود ہیں جنہیں ان کی ملازمت سے نکال دیا گیا ہے اور انہیں گزشتہ10ماہ سے تنخواہ بھی نہیں ملی جس سے وہ شدید مشکلات کا شکا ر ہیں انہوں نے کہا کنٹینروں میں رہائش پذیر ان پاکستانیوں کے لئے نہ تو خوراک کا انتظام ہے اور نہ پینے کے پانی کی سہولت دستیاب ہے حتیٰ کہ کنٹینروں میں لگے ائر کنڈیشنڈ بھی خراب ہونے کے باعث لوگ جاگ کر راتیں گزارتے ہیں انہوں نے اپیل کی کہ وہاں موجود مزید پاکستانیوں کی جلد واپسی کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔

متعلقہ عنوان :