کراچی، پی ایس پی کے سیاسی دفتر پر نامعلوم افراد نے ’قوم کے غدار‘ کی چاکنگ کردی

جمعہ 21 اکتوبر 2016 10:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21اکتوبر۔2016ء)کراچی کے علاقے اورنگی ٹاوٴن میں پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے سیاسی دفتر پر نامعلوم افراد نے ’قوم کے غدار‘ کی چاکنگ کردی۔ اورنگی ٹاوٴن قصبہ علی گڑھ میں واقع متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رہنما مصطفیٰ کمال کی جماعت پی ایس پی کے دفتر پر برقع پوش موٹر سائیکل سواروں نے چاکنگ کی۔دفتر کے مرکزی دروازے پر ’پی ایس پی، قوم کے غدار‘ اسپرے پینٹ کے ذریعے لکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 10 اکتوبر کو اورنگی ٹاوٴن کے علاقے 12 سی میں موٹر سائیکل سوار برقع پوش افراد نے فائرنگ کرکے پی ایس پی کے مقامی رہنما کے بھائی کاشف کو قتل کردیا تھا۔یاد رہے کہ 22 اگست کو متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی کی جانب اشتعال انگیز تقریر اور مشتعل افراد کی جانب سے نجی ٹی وی چینلز پر حملے کے بعد ایم کیو ایم کے کئی رہنماوٴں کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اگلے روز 23 اگست کو فاروق ستار نے متحدہ بانی سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کردیا تھا اور کہا تھا کہ پارٹی پاکستان میں رجسٹرڈ ہے تو معاملات بھی یہیں سے چلائے جائیں گے۔اس کے بعد 5 ستمبر 2016 کو سندھ ہائی کورٹ اور ریگل چوک پر بانی متحدہ کے حق میں دھمکی آمیز بینرز آویزاں کردیے گئے تھے جن میں لکھا تھا کہ ’جو قائدِ تحریک کا غدار ہے، وہ موت کا حقدار ہے‘۔