پیمرا کا غیر قانونی ڈی ٹی ایچ اور غیر قانونی انڈین مواد کیخلاف کاروائی کا آغاز

کیبل آپریٹروں اور ایف ایم ریڈیو مالکان نے احکامات پرمکمل طور پر عملدآمد کیا

پیر 17 اکتوبر 2016 10:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16اکتوبر۔2016ء)پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نیغیر قانونی ڈی ٹی ایچ اور غیر قانونی انڈین مواد کیخلاف کاروائی کا آغاز کردیا ہے،کیبل آپریٹروں اور ایف ایم ریڈیو مالکان نے احکامات پرمکمل طور پر عملدآمد کیا۔جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ 31اگست2016ءء کو ایک تاریخ ساز فیصلے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت ملک بھر میں غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ اور غیر قانونی انڈین مواد کے خاتمے کیلئے 15اکتوبر2016ء رات 12بجے تک کی ڈیڈ لائن کا اعلان کیا گیا تھا۔

اس اعلان کے تحت انڈین ڈی ٹی ایچ کی پاکستان میں خرید و فروخت پر پابندی عائد کی گئی تھی۔علاوہ ازیں پیمرا کے لائسنس یافتگان کو واضع ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ نہ تو کوئی غیر قانونی چینل چلے گا اور نہ ہی مقررہ حد سے زیادہ غیر ملکی و انڈین مواد چلے گاجسکا 2006ء میں حکومتی پالیسی کے نتیجے میں تمام لائسنسز کو چلانے کا اجازت نامہ جاری کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

15اکتوبر رات 12بجے پیمرا کی انفورسمنٹ ٹیمیں پولیس کے ہمراہ ملک کے مختلف حصوں میں معائنہ کے لیے پھیل گئیں اور دیکھا کہ تمام کیبل آپریٹرز اور ایف ایم ریڈیوز احکامات پر عملدرآمد کر چکے ہیں۔ ملک بھر میں 90%فیصد سے زیادہ کیبل آپریٹروں نے پیمرا کے حکم نامے کی پاسداری کرتے ہوئے تمام غیر قانونی ڈی ٹی ایچ اور غیر قانونی چینلزبندکر دیے تھے اسی طرح ایف ایم ریڈیو پر10فیصد سے زائد غیر ملکی مواد نہیں پایا گیا۔

تاہم گزشتہ شب دورانِ معائنہ کچھ کیبل آپریٹرز معمولی خلاف ورزیوں میں ملوث پائے گئے اِن تمام کیبل آپریٹروں کے استعمال میں آنے والاغیر قانونی ساز و سامان ضبط کر لیا گیا اور اُن کہ تنبیہ کی گئی کہ دوبارہ ایسی خلاف ورزی کرنے کی صورت میں اُنکا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔ جن شہروں میں معائنہ ٹیموں نے وزِٹ کیا اُن میں پشاور، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، کوہاٹ، ڈی آئی خان، ہزارہ ریجن، کراچی، لاہور، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، ٹنڈوالہ یار،میرپور خاص، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، حافظ آباد، شیخوپورہ، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، لیہ، لودھراں، مظفرگڑھ، جہلم، اٹک، راولپنڈی، چکوال، اوکاڑہ، قصور شامل ہیں۔

اِن تمام شہروں میں ہزاروں کی تعداد میں کیبل آپریٹروں کا معائنہ کیا گیا اور 107 کیبل نیٹ ورکس کو خلاف ورزی کرنے پرجزوی یا مکمل طور پر سیل کر دیا گیا۔کیبل اور ایف ایم کا معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ پیمرا انفورسمنٹ ٹیموں نے مارکیٹوں کا دورہ بھی کیا جہاں غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ کی فروخت کی شکایات موصول ہوئی تھیں تاہم کوئی شواہد نہیں ملے۔

یاد رہے کہ چیئرمین پیمرا نے تمام صوبائی وزراء اعلٰی سے الگ الگ ملاقاتوں میں تعاون کی درخواست کی تھی۔جسکا بھرپور جواب دیتے ہوئے تمام صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ نے پیمرا کے ساتھ بھرپور تعاون کیا اور غیر قانونی کاروبارکا قلع قمع کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔15اکتوبر2016ءء کی ڈیڈلائن کا اطلاق تمام ٹی وی چینلز پربھی ہوگا جسکے تحت 10فیصد سے زائد غیر ملکی مواد نہیں دِکھایا جا سکتا۔

جس میں 6فیصد انڈین اور 4فیصد کسی بھی غیر ملکی زبان میں مواد نشر کیے جانے کی اجازت ہے۔ پیمرا تمام ٹی وی چینلز کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہا ہے اور مقررہ حد سے زیادہ غیر ملکی مواد نشر کرنے پر فوری کاروائی کا آغاز کیا جائے گا ۔پیمرا پُر عزم ہے کہ غیر قانونی ڈی ٹی ایچ کی فروخت اور غیر قانونی مواد کے خلاف کاروائی مسلسل جاری رہے گی اور خلاف ورزی کے صورت میں پیمرا قوانین کے تحت فوری اور سخت کاروائی کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :