مسلم لیگ (ن) کی پنے دیرینہ ساتھی مشاہد سید کی پارٹی میں واپسی کیلئے کوششیں شروع

وزیراعظم نواز شریف کی ہدایات پر حکومتی اکابرین کی ملاقاتیں سینیٹر طلحہ محمود کو بھی مسلم لیگ (ن) میں شامل کرنے کیلئے کوششیں

پیر 17 اکتوبر 2016 10:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16اکتوبر۔2016ء) مسلم لیگ (ن) نے اپنے دیرینہ ساتھی مشاہد حسین سید کی پارٹی میں واپسی کے لئے کوششیں شروع کر دی ہیں۔ وزیراعظم میاں نواز شریف کی ہدایات پر حکومتی اکابرین نے ملاقاتیں شروع کر دیں۔ جمعیت علماء اسلام ف کے سینیٹر طلحہ محمود کو بھی مسلم لیگ (ن) میں شامل کرنے کے لئے کوششیں شروع کر دیں گئیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی خواہش ہے کہ مشاہد حسین سید اور سینیٹر طلحہ محمود انکی پارٹی میں شامل ہو جائیں۔

مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے باضابطہ طور پر مشاہد حسین سید سے رابطہ کیا گیا جبکہ مشاہد حسین سید اس حوالے سے سوچ بچار کر رہے ہیں۔ مشاہد حسین سید اگر مسلم لیگ (ن) میں چلے گئے تو مسلم لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی کے لئے بڑا دھچکا ہو گا۔

(جاری ہے)

اس طرح میاں نواز شریف سینیٹر طلحہ محمود کو بھی اپنی صفوں میں دیکھنے کے خواہشمند ہیں اور سینیٹر طلحہ محمود اگر مسلم لیگ (ن) کو پیارے ہو گئے تو مولانا فضل الرحمن کے لئے یہ بڑا نقصان ہو گا کیونکہ سینیٹر طلحہ محمود پارٹی کو چندہ دینے والی اب اہم شخصیت سمجھے جاتے ہیں اس سے پہلے جمعیت علماء اسلام (ف) کے زیادہ تر اخراجات سینیٹر اعظم سواتی کے ذمے ہوا کرتے تھے اور وہ پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے سیاست کر رہے ہیں۔