کرپشن مافیا نے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ‘ عمران خان

اسلام آباد احتجاج ملک کا سب سے بڑا احتجاج ہوگا ،احتجاج کی نئی تاریخ کا اعلان کل کردیا جائے گا ، انصاف پروفیشنلز فورم کے سیمینار میں خطاب

اتوار 16 اکتوبر 2016 11:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16اکتوبر۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جو یہ کہتا ہے کہ جمہوریت میں ہے وہ اس کرپٹ نظام کا رکن ہے اور پیسہ بنا رہا ہے۔ کرپشن مافیا نے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ملک بچانے کیلئے آپ سب کو نکلنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں منعقدہ انصاف پروفیشنلز فورم کے سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

عمران خان نے کہا کہ قائداعظم، نیلسن منڈیلا عظیم سیاستدان تھے۔ جب معاشرے میں علم ہوگا تو اس معاشرے کا ہر شہری سیاست میں آئے گا۔ پاکستان کے ہر شہری کو ناانصافی اور ظلم کا مقابلہ کرنے کیلئے سیاست میں آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جو بزدل اور خود غرض ہوگا وہ سیاست میں آنے سے ڈرے گا۔

(جاری ہے)

ہم پاکستان کے اس طبقے کیلئے نکلے ہیں جو طبقہ پسا ہوا ہے۔

پرامن احتجاج پاکستان تحریک انصاف کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ سال قبل پاکستان پر 6ہزار ارب روپے قرض تھا اور اب یہ قرض بڑھ کر ساڑھے بائیس ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔ قرض کون واپس کرے گا یہ کسی کو نہیں پتہ۔ انہوں نے کہا کہ پختونخواہ اسمبلی نے پانامہ لیکس میں شامل افراد کی تحقیقات کرنے کیلئے ایک قرارداد منظور کی لیکن اس اسمبلی کی اپوزیشن نے کہنا شروع کردیا کہ نواز شریف کی تحقیقات نہ کریں۔ عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد احتجاج ملک کا سب سے بڑا احتجاج ہوگا جس میں آپ سب کو شرکت کرنے چاہیے۔ احتجاج کی نئی تاریخ کا اعلان کل کردیا جائے گا۔